فوج کیخلاف پراپیگنڈا ملک دشمن ہی کرسکتا ہے ، پرویزالہٰی : دکانیں رات 9 بنے بند کرنے کی پابندی ختم
لاہور (نیوز رپورٹر‘ خبر نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کی ضامن ہے اور ہمارا فخر ہے۔ فوج کے خلاف پراپیگنڈا ملک دشمن ہی کر سکتا ہے، جو کوئی بھی فوج کے خلاف بات کرتا ہے، اس کو ڈکلیئر کیا جائے کہ وہ پاکستان اور دین اسلام کا دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکل میں افواج پاکستان کے خلاف بات نہیں کر سکتے۔ (ن) لیگ والے غلط اور بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی فوج کا نام بدنام کرکے سیاسی مقاصد حاصل کرنے نہیں دیں گے۔ ن لیگ کے میڈیا سیل سے جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب کی تاجر برادری کو ریلیف دینے کیلئے بڑے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی سے پنجاب بھر سے تعلق رکھنے والے تاجر برادری کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے تاجر برادری سے اپنے خطاب میں پنجاب بھر میں کاروبار کے اوقات کار کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب میں کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں اتوار کو کھلی رہیں گی۔ پنجاب بھر میں کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں کے لئے اتوار کی چھٹی ختم کر دی ہے۔ کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں کیلئے رات 9 بجے کاروبار کی بندش کی پابندی بھی ختم کر دی ہے۔ کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں پر اوقات کار کی کوئی پابندی نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو ریلیف دینے کیلئے پارکنگ کے مسائل بھی حل کریں گے۔ تاجر برادری کے مسائل جانتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ن لیگ نے بڑا پروپیگنڈا کیا کہ شہباز شریف آئے گا تو ہوا بدل جائے گی۔ ہوا تو نہیں بدلی بلکہ شہباز شریف کے آنے سے مہنگائی کا طوفان آگیا۔ شہباز شریف نے تو تاجروں پر ہی بجلی گرا دی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ن لیگ نے پارکنگ مافیا کو بھی پروان چڑھایا۔ مجھے علم ہے کہ کس نے پارکنگ مافیا کی سرپرستی کی اور کتنے کما کر گیا۔ پارکنگ مافیا کو ختم کروں گا۔ پارکنگ کی آمدن کا 30 فیصد تاجروں کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا۔ تاجر رہنما ناصر سلمان اور صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی سربراہی میں تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی نے اپنی وزارت اعلی کے دور میں سب سے زیادہ کام کیا۔ تاجروں پر کسی قسم کی پابندیوں کے حق میں نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے فوکل پرسن برائے ٹریڈرز ناصر سلمان نے کہا کہ ہم اپنی مارکیٹوں میں ترقی یافتہ ممالک کی طرح ’’ڈاؤن ٹاؤن‘‘ اور کیاس (Kiosk)کا تصور پیش کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے یوم عاشور پر سکیورٹی اور امن عامہ کیلئے فول پروف انتظامات پر سیاسی و انتظامی ٹیم کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے عاشورہ محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی کارکردگی کی تعریف کی ہے اور صوبہ بھر میں یوم عاشور پر فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے میانوالی کے علاقہ عیسیٰ خیل میں سیلابی ریلے کے باعث جاں بحق ہونے والے 7 افراد کے لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس ضمن میں سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عیسیٰ خیل میں سیلابی ریلے کے باعث جاں بحق افراد کے لواحقین میں مالی امداد فی الفور تقسیم کرنے کی ہدایت کی۔ آخر میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے لاہور شکاگو سسٹر سٹی کمیٹی کے سابق چیئرمین و سابق ضلع ناظم منڈی بہائوالدین ریاض اصغر چودھری اور لاہور شکاگو سسٹر سٹی کمیٹی کے ممبر و مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ (ق) رانا شیراز حفیظ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نرسوں کی شکاگو میں تربیت کے مجوزہ پروگرام کے طریق کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔