آئی جی ‘چیف سیکرٹری کے دورے ‘یوم عاشورجلوسوں‘سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار اور چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹ اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ کا دورہ کیا اور کربلا گامے شاہ کے قریب سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کی۔ دونوں افسران نے سیف سٹی موبائل کمانڈ وہیکل سے جلوس کے روٹس کی نگرانی کے عمل کا جائزہ لیا اور امن کمیٹی کے ممبران اور منتظمین جلوس سے ملاقات بھی کی۔آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہاکہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے لیڈی اہلکار فیلڈ میں رہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہاکہ ضلعی منتظمین جلوس، امن کمیٹیوں سمیت تمام مکاتب فکر کیساتھ کلوز کوارڈی نیشن سے بہترین انتظامات کئے گئے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجا ب فیصل شاہکار کی ہدایت پر مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 70ہزار سے زائد اہلکاروں، افسران اور والنٹئیرز نے فرائض سر انجام دئیے۔ 2734 جلوس اور 2650 مجالس منعقد ہو ئیں۔ تمام اضلاع کے حساس مقامات پر موبائل سروس جزوی طور پر بند رہی۔ سنٹرل پولیس آفس میں قائم کنٹرول روم، سیف سٹی اور ضلعی سطح میں قائم کنٹرول رومز سے مانیٹرنگ کا عمل بلا تعطل جاری رہا ‘ سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمرے سے مانیٹرنگ کی جاتی رہی۔ ڈبل سواری پر مکمل پابندی،صوبہ بھر میں دفعہ 144 پر مکمل عمل درآمد کرایا گیا۔ لاہور میں 227 سے زائد مجالس جبکہ 47 عزاداری جلوس برآمد ہوئے جبکہ لاہور میں 10 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات رہے اور 900 سے زائد کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی ۔لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پر اختتام ہوا جبکہ ر اولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں روایتی جلوس نکالے گئے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر پولیس فورس کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجا ب نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگرلاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سمیت فیلڈ فارمیشنز کے افسران و اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عشرہ محرم الحرام میں پولیس فورس نے جس جذبہ ایمانی، فرض شناسی اور خدمت خلق کیساتھ اپنے فرائض سر انجام دئیے اس پر صرف محکمہ ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ پولیس، ٹریفک کے جوان، سیف سٹی، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز 24 گھنٹے ہائی الرٹ رہے۔ پاکپتن میں بھی حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒکے عرس پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ۔