فیفا ورلڈ کپ 2022 طے شدہ شیڈول سے ایک روز قبل شروع ہونے کا امکان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قطر میں فیفا ورلڈ کپ 2022 طے شدہ شیڈول سے ممکنہ طور پر ایک روز قبل شروع ہوگا۔فیفا ورلڈ کپ کا پہلا میچ میزبان قطر اور ایکواڈور کی ٹیموں کے درمیان 20 نومبر کو ممکنہ طور پر طے شدہ شیڈول سے ایک روز قبل کھیلا جائیگا۔اس سے قبل ٹورنامنٹ کا پہلا میچ سینیگال اور نیدرلینڈ کے درمیان پیر کے روز 21 نومبر کو طے کیا گیا تھا تاہم فیفا گورننگ باڈی کے انتظامی معاملات کے سیکشن کی جانب سے پہلا میچ قطر کو منتقل کرنے کا پرپوزل دیا گیا ہے۔جنوبی امریکی کنفیڈریشن کی گزارش پر فیفا کی جانب سے قطر اور ایکواڈور سے بات چیت کی گئی کیونکہ ٹورنامنٹ کی روایت رہی ہے کہ پہلا میچ میزبان ٹیم کی جانب سے کھیلا جاتا ہے۔
مذکورہ پرپوزل حتمی منظوری کیلئے 6 فیڈریشنز اور فیفا صدر پر مشتمل بیورو آف فیفا کونسل کو ارسال کیا گیا ہے جہاں سے ممکنہ منظوری کے بعد نیا شیڈول لاگو ہو جائیگا۔پرپوزل کی بیورو آف فیفا کونسل سے منظوری کے بعد سینیگال اور نیدرلینڈ کے درمیان ہونے والا میچ پیر کے روز یعنی ٹورنامنٹ کے دوسرے روز کھیلا جائیگا اور چار کے بجائے صرف تین کھیل کھیلے جائیں گے۔اس نئے شیڈول کا گروپ بی میں ایران کے میچ پر کوئی اثر نہیں ہوگا جبکہ یہ نیا شیڈول ویلز اور امریکہ کے میچز پر بھی اثرانداز نہیں ہوگا۔