• news

عمران فارن ایجنٹ ، جھو ٹے حلف نا مے جمع کرائے ، فوج کیخلاف رئڈ لائن کراس کی : مریم 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان شرمناک اور زہریلا کھیل کھیل کر اپنی فارن فنڈنگ سے نظر ہٹوانے کی کوشش کر رہے ہیں،  فارن فنڈنگ ملک کا دفاع کمزور کرنے کے لئے استعمال ہوئی، فارن ایجنٹ عمران خان نے پانچ سال جھوٹے حلف نامے جمع کروائے۔ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چار سال اس ملک پر نالائق اور نااہل وزیراعظم مسلط رہا جس نے ملک کو لوٹا اور عوام کو بے روزگار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان فارن ایجنٹ اور فارن ایڈڈ پارٹی کا چیئرمین ہے جس نے فارن فنڈنگ وصول کی۔ 2008ء سے 2013ء تک لی گئی ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمشن کے فیصلے میں پی ٹی آئی فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چور اور فارن ایجنٹ آٹھ سال کے بعد پکڑے گئے ہیں، یہ ایسے فارن ایجنٹ ہیں جنہوں نے ایک سیاسی جماعت کا سہارا لیا اور اس سیاسی جماعت کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان سے سوال کریں کہ انہوں نے ان کی پارٹی کو کیوں فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات 2008ء سے2013ء تک کی ہیں، 2013ء سے بعد کی تحقیقات ہونا ابھی باقی ہیں کہ جو فارن فنڈنگ اس عرصے میں آئی وہ کہاں گئی۔ اس پر ایف آئی اے میں تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چیف آف سٹاف نے اے آر وائی پر اس ٹرانسکرپٹ کو پڑھا جو عمران خان کا لکھا ہوا تھا، اس ٹرانسکرپٹ میں ریڈ لائن کراس ہوئیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم 14 اگست کو مکمل ری ریکارڈڈ  قومی ترانہ لانچ  کریں گے۔  یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے زیر اہتمام ڈیجیٹل فوٹو گرافی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا شیڈول ترتیب دیا گیا ہے۔ اس سال 75 ویں سالگرہ کے موقع پر قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ مکمل کی گئی ہے جس کا پرومو آج جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1954ء میں قومی ترانہ پہلی مرتبہ ریکارڈ ہوا تھا، اس کے بعد اس میں جدت لائی جاتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ری ریکارڈڈ قومی ترانہ پاکستان کے طول و عرض سے آرٹسٹوں نے مل کر گایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی ترانے کی ریکارڈنگ کا کام 2017ء میں شروع ہوا تھا، پچھلی حکومت میں بھی اس پر کام جاری رہا، گزشتہ چار ماہ سے اس پر ہم کام کر رہے تھے، یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جس پر ہم سب کو فخر ہے۔  اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کافی ٹیبل بک کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب میں پاکستان کی آزادی کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن