• news

لاہور جلسہ میں قوم کو بتا ئیں گے حقیقی آزادی لیتے کیسے ہیں ، عمران 


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ)  چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور جلسے میں قوم کو بتائیں گے حقیقی آزادی  لیتے کیسے ہیں۔ حکومت خوف و دہشت  کے سہارے مقبولیت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ مسائل کا حل شفاف و آزاد الیکشن ہیں۔ عمران خان نے اقلیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سب انسانوں کامالک ہے اور ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمۃ للعالمین ہیں۔ اسلام کسی کے ساتھ زبردستی برتنے کی اجازت نہیں دیتا۔ کمزور اور طاقتور اسلام میں برابر ہیں۔ اسلام میں انصاف پر سب سے زیادہ زور دیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ آج  ہمارے ہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کی وجہ سے لوگوں کو ان کے حقوق نہیں ملتے۔ آج چھوٹا سا ٹولہ ہے جو قانون کے سامنے جوابدہ نہیں ہوتا۔  ہمارے ہاں اس وقت کمزور اور طاقتور کیلئے قانون الگ الگ ہیں۔ طاقتور این آر او مانگتا ہے۔ کمزور جیل میں رکھا جاتا ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے ہندوستان کی آزادی کے بعد ہندو کی غلامی سے بچنے کیلئے آزاد ملک حاصل کیا تاکہ ہمیں حقوق ملیں۔ انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے‘ جانوروں کے معاشرے میں نہیں۔  زبردستی لڑکیوں کو مسلمان کرنے کی مخالفت کریں گے۔  حقیقی آزادی تب ملتی ہے جب انصاف کا نظام لوگوں کو آزاد کردے۔ آج ہماری جنگ انصاف لینے کیلئے ہے۔  اقلیتوں کے حقوق کی بھی ہم حفاظت کریں گے۔ عماد یوسف کو اٹھانا اور  شہباز گل کے معاون کی اہلیہ کو تھانے میں قید کرنا قابل مذمت ہے۔ قانونی برادری بتائے کیا بنیادی حقوق باقی نہیںرہے؟۔ پنجاب میں ان کو عبرتناک انجام سے دوچار ہونا پڑا۔ امپورٹڈ سرکار میڈیا اور عوام کو دہشت زدہ کرنے کیلئے خوف کو بطور ہتھیار بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کردیا ہے۔ موجودہ صورتحال کا واحد حل آزادانہ اور شفاف انتخابات ہی ہیں۔  عمران خان نے 13 اگست کو لاہور ہاکی سٹیڈیم میں اپنے جلسے کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کردیا جس میں انہوں نے کہا کہ 13 اگست کی رات کو ہاکی سٹیڈیم لاہور میں سب کو دعوت دے رہا ہوں۔ فیملیز، نوجوان، بزرگ اور بچے سب تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کریں۔ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کا جشن منائیں گے۔ لاہور جلسے میں ہم حقیقی آزادی کے سفر کا آغاز بھی کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو وہ ملک بنائیں گے جو اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن