• news

تا جروں کو مزید سہولتیں دینگے، پنجاب حکومت امریکہ سے بپترین تعلقات کی خواہسمند : پرویزالہی 


 لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے  فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں تاجر برادری اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ پرویز الٰہی نے تاجر برادری اور صنعتکاروں کے مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے آتے ہی تاجروں کیلئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔ کاروبار کے اوقات کار کی پابندی کو پورے صوبے میں ختم کر دیا ہے اور کاروباری مراکز اور مارکیٹیں پورے ہفتے کھولنے کی اجازت دی ہے۔ تاجروں اور صنعتکاروں کے لئے صوبے میں مزید سہولتیں فراہم کریں گے۔ صوبے میں سٹیٹ آف آرٹ سپیشل اکنامک زونز بنائے جائیں گے اور اس سلسلے میں دنیا کے کامیاب ماڈل سے استفادہ کریں گے۔  صوبے میں ایگرو بیسڈ اکانومی کو فروغ دیا جائے گا۔ زرعی شعبہ ترقی کرے گا تو معیشت فروغ پائے گی۔ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کریں گے۔ پرویز الٰہی سے امریکہ کے قونصل جنرل ولیم کے میکانیول نے ملاقات کی۔ وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر پرویز الٰہی کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں نشیب و فراز آتے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت امریکہ کے ساتھ بہترین تعلقات کی خواہاں ہے۔ پاکستان پرامن ملک ہے، ہمسایہ ملکوں سے اچھے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو آئین کے مطابق یکساں حقوق حاصل ہیں۔ امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی سے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا کردار خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ بیورو کا دائرہ کار پنجاب کے ہر ضلع تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں پر تشدد اور ان سے بھیک منگوانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی وقت کا تقاضا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اقلیتوں کے حقوق کے قومی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری پر بہت زور دیتا ہے۔ آئین پاکستان اقلیتوں کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بادامی باغ کے قریب پارسی برادری کے قبرستان کو نقصان پہنچانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ علاقہ میں رہائش پذیر پارسی برادری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور پارسی برادری کے قبرستان کو نقصان پہنچانے کے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن