لاہور کے 12ایس ایچ اوز معطل ، لیگی رہنمائوں کا کردار ہوا تو کارروائی ہو گی
لاہور (نامہ نگار) 25 مئی کے واقعہ میں ملوث پولیس افسروں کے خلاف کارروائی کا باضابطہ آغاز کردیا گیا۔ لاہور کے 12 ایس ایچ اوز کو معطل کرکے تحقیقات شروع کردی گئیں۔ جبکہ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ 25مئی کے معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے کارروائی کریں گے، اگر لیگی رہنمائوں کا کردار سامنے آیا تو ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ 25 مئی کو غنڈہ راج کیا گیا تھا اور معصوم لوگوں پر تشدد کیا گیا تھا، اس روز چار دیواری کا تقدس پامال کرکے وحشیانہ حرکتیں کی گئیں، ایس ایچ اوز کو معطل کرکے انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے۔ میں کبھی نہیں چاہوں گا کہ پولیس میرے کہنے پر کوئی کارروائی کرے، ہم معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے کارروائی کریں گے۔ پارلیمنٹ لاجز میں چھپے لوگوں کا جلد پنجاب میں استقبال کریں گے، جن لیگی رہنمائوں کے خلاف تھانوں میں درخواستیں ہیں ان کے خلاف قانون راستہ بنائے گا، کچھ لوگوں نے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف بھی درخواست دی ہے، ذاتیات پر نہیں جائیں گے، قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ ماضی میں ٹی ایل پی نے احتجاج کیا، پی پی نے بھی لانگ مارچ کیا، یقینی بنائیں گے کہ آئندہ کسی پارٹی کے کارکنوں پر ایسا تشدد نہ ہو، ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ (ن) لیگ یا کسی بھی پارٹی کے کارکنوں پر تشدد ہو۔ دریں اثناء ڈی آئی جی آپریشنز نے نئے ایس ایچ اوز لگانے کے لیے انٹرویوز کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ لاہور کے تھانوں میں ایس ایچ اوز کی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی تیاری کر لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے 25سے زائد تھانوںکے ایس ایچ اوز کو تبدیل کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز افضال کوثر نے نئے ایس ایچ اوز کے لیے انٹرویوز کرلیے ہیں۔