• news

پاکستان ہم سب کا ، غیر مسلم شہری قومی دھارے کا حصہ ، ملکر جدو جہد جاری رکھیں گے : شہباز شریف 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ غیر مسلم شہری ہمارے قومی دھارے کاحصہ ہیں، آج ہم ملک کے لئے ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے غیر مسلم شہری ہمارے قومی دھارے کا ایک لازمی حصہ ہیں۔ آج کے دن ہم ملک کے لئے ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانیان پاکستان نے ایک ایسے معاشرے کا تصور پیش کیا تھا جس میں ریاست کے ہر شہری کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اقلیتوں کی بھلائی ، قومی ترقی کی جدوجہد میں ان کی مکمل شمولیت کے لیے کوششیں جاری رکھنے اور وسائل کو بروئے کار لانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بلا کسی ذات پات، رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے ہم سب کا ہے اور ہمیں مل کر اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھنا ہوگی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اقلیتوں کے قومی دن کے مو قع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہر سال پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے، ان کے ہماری عظیم قوم کا لازم حصہ ہونے اور مذہبی اقلیتوں کے احترام کے عزم کا اعادہ کرنے کیلئے 11 اگست کو قومی اقلیتی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ اپنے تاریخی اور تعاون پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اعلی سطح کے تبادلوں کی ضرورت ہے۔ پر امن اور مستحکم افغانستان خطے کے لئے اہم ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں یورپی یونین کی نئی تعینات ہونے والی سفیر ڈاکٹر ریناکونیکا نے جمعرات کو وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے  کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی فائدہ مند تجارتی تعلقات میں اضافے کا سہرا موجودہ جی ایس پی پلس سکیم کے سر ہے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ پاکستان 2023 کے بعد بھی اس انتظام کا حصہ رہے گا۔ وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لئے مسلسل اعلی سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ رواں سال پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر وزیراعظم نے اس سنگ میل کو دونوں اطراف سے مناسب طریقے سے منانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان اہم ہے۔ پاکستان نے گزشتہ سال اگست کی پیشرفت کے بعد افغانستان کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کو بے مثال تعاون فراہم کیا ہے۔ ڈاکٹر رینکا کونیکا نے وزیراعظم کی جانب سے خیر مقدم پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گی۔  وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب زدگان کی بحالی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم  کو سیلاب متاثرین کی امداد اور انفراسٹرکچر کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے متاثرین کی آباد کاری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اور این ایچ اے کے کردار کو سراہا۔جاپانی سرمایہ کاروں کے وفد نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے جاپان کے بی ایس پی انوسٹمنٹ گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت گروپ کے بانی تکاجی سوجی کر رہے تھے۔ بی ایس پی انویسٹمنٹ گروپ نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے جاپانی سرمایہ کاروں کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کو اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات جلد از جلد اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر  کہا کہ جاپان،  پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن