• news

قومی اسمبلی کنو نشن کی اقلیتی حقوق کیلئے متفقہ قرارداد، ہر پاکستانی برابر : بلاول 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ نامہ نگار‘ خصوصی نامہ نگار) دستور ساز اسمبلی کی ڈائمند جوبلی کے حوالے سے اقلیتی کنونشن کا انعقاد ہوا۔ اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی گئی۔ قرارداد  رکن قومی اسمبلی آسیہ ناصر نے پیش کی۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے پر اقلیتی برادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اقلیتی برادری کے تمام حقوق یقینی بنائیں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں رہنے والا ہر انسان برابر ہے۔ ہمیں قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں، ہمارے اقدامات سے ظاہر ہوگا کہ ہم مساوات پر مبنی پاکستان چاہتے ہیں، مذہب کی جبری تبدیلی کی اسلام اور آئین اجازت نہیں دیتا، اقلیتوں کو کوٹہ کے مطابق نمائندگی ملنی چاہیے، ہمیں قانون سازی کے ساتھ ساتھ عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔ جمعرات کو دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہونے والے اقلیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ قومی اسمبلی میں یہ دن منانے کا موقع فراہم کرنا اچھا اقدام ہے۔ ہمیں قانون سازی کے ساتھ ساتھ عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام اقلیتوں کو نمائندگی دیتے ہیں، ہم مخصوص نشستوں کے علاوہ جنرل نشستوں پر بھی اقلیتوں کو نمائندگی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے شہباز بھٹی، کرشنا کوہلی کو نمائندگی دی، سندھ کابینہ میں غیر مسلم پاکستانیوں کو نمائندگی حاصل ہے۔ عوام کو سماجی، سیاسی و معاشی مساوات پر مبنی نمائندگی کے لئے ہمیں اقدامات کرنا ہوں گے۔ یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کا وعدہ تھا جو ہم پورا کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے شنگھائی تعاون تنظیم کی ذیلی کمیٹی برائے انسداد دہشت گردی کے ڈائریکٹر رسلان مرزائیوں نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور علیحدگی پسندانہ رویوں جیسی برائیوں کے سدباب کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی ذیلی کمیٹی برائے انسداد دہشت گردی (SCO-RATS) کے تعاون کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے خطہ میں حالیہ پیش رفت کے ساتھ ساتھ SCO-RATS کی افادیت کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن