ہیلی کاپٹر حادثہ پر منفی پراپیگنڈا رپورٹ وزارت داخلہ جمع، 237 ہینڈلرز سے تحقیقات جاری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘اپنے سٹاف رپورٹر سے) لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے پر منفی پراپیگنڈا مہم سے متعلق ایف آئی اے اور حساس اداروں کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرا دی گئی۔ تحقیقاتی ٹیم نے 754 ٹوئیٹس کی نشاندہی کر لی ہے ۔ منفی پراپیگنڈا کرنے والے 237 ہینڈلرز سے تحقیقات کی جا رہی ہے جن میں 204 پاکستانی، 17 بھارتی اور 16 دیگر ممالک کے افراد شامل ہیں۔ اب تک 84 افراد کو باقاعدہ تحقیقات کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 6 افراد کی شناخت مکمل کی جا چکی ہے اور 78 کا ڈیٹا تصدیق کے لیے نادرا کو بھجوا دیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے بنائی گئی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم ایف آئی اے محمد جعفر کی سربراہی میں جے آئی ٹی کے ارکان ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے وقار الدین سید، آئی ایس آئی کے لیفٹیننٹ کرنل سعد، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی وقار نثار چودھری، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ایاز خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے عمران حیدر شامل ہیں۔