عمران خان نے شہباز گل کے بیان سے اظہار لاتعلقی نہیں کیا: مصدق ملک
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہاکہ امید تھی عمران خان کہیں گے کہ شہباز گل کے بیان سے پی ٹی آئی کا تعلق نہیں، لیکن انہوں نے اظہار لاتعلقی نہیں کیا۔ ملک کو آزاد ہوئے 75سال ہو گئے لیکن عمران خان کو آزاد ہونے کا یقین نہیں آرہا، وہ دوسروں کو چور اور غدار کہتے ہیں، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سوشل میڈیا پر شہداءسے متعلق تضحیک آمیز ٹرینڈز چلائے، عمران خان کے منہ سے کسی نے نہیں سنا کہ شہباز گل نے جو کہا وہ غلط ہے۔ تحقیقات جاری ہیں جو بھی جرم میں ملوث ہوا اسے قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ جمعرات کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاکہ ملک 75ویں سالگرہ منانے جا رہا ہے۔ عمران خان نے کل قوم سے خطاب کیا۔ توقع تھی کہ وہ امن اور ترقی کی بات کریں گے اور لوگوں کو امید دلائیں گے لیکن انہوں نے ایسا کچھ نہیں کہا، عمرا ن خان بتائیں کہ کون ہے سازشی اور کون ان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ جو آپ کے ساتھ میچ فکسنگ نہ کرے آپ اسے سازشی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عارف نقوی دنیا میں معاشی جرائم اور منی لانڈرنگ کے سب سے بڑے کیس کامرکزی کردار ہے۔ عمران خان ملک ریاض کو دوسرا رائزنگ سٹار کہتے ہیں، ایک نے امریکا میں جرم کیا دوسرے نے لندن میں۔ ملک ریاض کے 250ملین ڈالر لندن میں پکڑے گئے لیکن 450کنال زمین تحفے میں لے کر عمران خان نے اسے کابینہ سے فیصلہ کرا کے 250ملین ڈالر کا فائدہ دلوایا جو پیسے حکومت پاکستان کو ملنے تھے وہ ملک ریاض کو دے دیئے گئے۔ عارف نقوی سے 3ملین پاﺅنڈ لے کر ایک ارب ڈالر کا ایک تحفہ دے دیا اور کے الیکٹرک نے خریداری کے وقت کراچی میں بجلی کی پیداوار کے لئے جو بجلی گھر لگانا تھا اسے ختم کرا دیا اور ساتھ ہی اضافہ بجلی بھی کے الیکٹرک کو دے دی۔ لوگوں کو سول نافرمانی پر اکسانے والا اور مار دھاڑ کی باتیں کرنےوالا اپنے آپ کو صاف شفاف کہتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے شہبازگل کے بیان کی مذمت کی ہے۔
مصدق ملک