اتھلیٹس غائب ہونے پر فیڈریشنز پر پابندی لگانے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپورٹس بورڈ نے یورپ میں غائب ہونے والے اتھلیٹس کےخلاف سخت اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔ دو ماہ کے دوران یورپ میں تین اتھلیٹس غائب ہونے پر پی ایس بی نے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ نے متعلقہ فیڈریشنز پر بھاری جرمانوں سمیت پابندیاں لگانے پر بھی غور شروع کردیا ہے۔اس کے علاوہ بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کرنے والے اتھلیٹس کےلئے این او سی لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ سخت فیصلے اس تناظر میں کئے گئے جب دو ماہ کے دوران تین اتھلیٹس غائب ہوئے،پہلے پہل قومی چیمپئن فیضان اکبرسوئمنگ کیلئے ہنگری گئے اور وہ واپس نہ آئے۔حال ہی میں اختتام پزیر ہونے والے کامن ویلتھ گیمزمیں سلمان بلوچ اور نذیر اللہ باکسنگ کھیلنے انگلینڈ گئے تاحال واپس نہ آئے۔ صدر پاکستان باکسنگ فیڈریشن خالد محمود نے بتایا کہ غائب باکسرز کی تلاش کےلئے کمیٹی تشکیل دےدی گئی، دونوں فائٹر واپسی سے دو گھنٹے پہلے غائب ہوئے تو انگلش پولیس، ایونٹ آرگنائزنگ کمیٹی سمیت اداروں کوآگاہ کردیا گیا تھا۔