• news

پی ٹی آئی کا آج لاہر جلسہ حقیقی آزادی کی جدوجہد شروع ہو چکی: عمران 


لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف آج ہفتہ کو  لاہورکے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان دو روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے اور انہوںنے پارٹی رہنمائوں سے جلسے کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔ تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی و صوبائی رہنمائوں نے ہاکی سٹیڈیم کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ ضلعی اور پولیس افسران نے بھی سٹیڈیم کا دورہ کرکے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو چیک کیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور کی عوام کو جلسے میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے مختلف مقامات پر ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ علاوہ ازیں وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنمائوں نے عمران خان سے ملاقات کر کے  انہیں جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس جس میں اسد عمر، سبطین خان، ڈاکٹر یاسیمین راشد، عندلیب عباس، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ پارٹی اور سیاسی امور بھی زیر بحث آئے۔انتظامی کمیٹی نے عمران خان کو ان کا خطاب تمام بڑے شہروں میں سکرینوں پر دکھانے کے بارے میں آگاہ بھی کیا۔ جلسہ کے شرکاء کے لیے ہاکی سٹیڈیم تک شٹل سروس اور دیگر انتظامات پر بھی بات کی گئی۔ اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز گل پر تشدد کی پرزور مذمت کرتا ہوں، یہ کس قانون اور کس کے حکم پر ہوا ہے، اگر اس نے کوئی قانون توڑا ہے تو اسے سنا جائے، لیکن امپورٹڈ حکومت من مانی سے آئین اور قانون کی خلاف ورزی کررہی ہے، عدلیہ اس کا نوٹس لے۔ سینٹرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ ایک شیر خوار بچی کی والدہ کو غیر قانونی طور پر گھر سے محض اس لئے اٹھایا گیا کہ اس کا شوہر شہباز گل کے ساتھ کام کرتا ہے۔ لوگوں میں خوف کی فضا پیدا کی جا رہی ہے تاکہ لوگ اس چالاک ٹولے کے سامنے سر نہ اٹھائیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پارٹی رہنمائوں سے گفتگو میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت 25 مئی واقعہ کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ ہمارے رہنمائوں اور کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں۔ امپورٹڈ حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرے۔ وزراء عوامی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کریں۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم سے وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے ملاقات کی، سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی و انتظامی امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کل کے جلسے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات خصوصا احساس راشن رعایت پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان کو صوبے میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے آگاہ کیا۔عمران خان نے پنجاب حکومت کے کاروباری مراکز کیلئے اوقات کار کی پابندی ختم کرنے کے اقدام کو سراہا اور پنجاب کے عوام کیلئے احساس راشن رعایت پروگرام کے اجراء کے اقدام کی تعریف کی۔ سابق وزیراعظم نے محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔ دریں اثناء عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد شروع ہو چکی ہے۔ میر جعفر اور میر صادق کے بغیر سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ بڑا کام کرنے کیلئے انسان کو خوف دور کرنا پڑتا ہے۔ ملک میں آج تاریخی مہنگائی ہے۔ بیرونی سازش کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی مجھے نااہل کرنے کیلئے توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کیس سامنے لایا گیا۔ ڈیل یہ ہو گی کہ نواز شریف کی نااہلی ختم ہو جائے۔ ڈیل نواز شریف کو دوسرا این آر او دینے کے مترادف ہے۔ آج کے جلسہ میں ڈیل سے متعلق مزید باتیں بتاؤں گا۔ پانامہ کا توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کیس سے کوئی موازنہ نہیں۔ ملک کو اس طرف دھکیل رہے ہیں جو دشمن چاہتا ہے۔ مزید براں سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مقامی قیادت نے عمران خان کو جلسہ کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مسلم لیگ ق نے اپنی اتحادی جماعت تحریک انصاف کے زیر اہتمام ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والے آج کے جلسے میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ، مسلم لیگ ق کے ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے علاوہ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی بھی ہاکی سٹیڈیم میں جلسے میں شریک ہونگے اور اظہار خیال بھی کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن