بھارت سے تجارت نہیں ہو سکتی ، مشعال کو سفارتی پاسپورٹ فراہمی کا کام جاری : بلاول
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہر پاکستانی کے لیے اہم ہے۔ حریت رہنما یسین ملک کی گرفتاری غیر قانونی ہے جبکہ مشعال ملک کو سفارتی پاسپورٹ فراہم کرنے پر کام ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے اجلاس کی صدارت فاروق ایچ نائیک نے کی۔ اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور یسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک بھی شریک ہوئیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے کشمیر پر 5 اگست 2019 کا حملہ ہوا ہے تمام جماعتیں اکٹھی ہیں کیونکہ مسئلہ کشمیر ہر پاکستانی کیلئے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں بھی یہ معاملہ اٹھایا جبکہ ہم نے پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں جو اسلامو فوبک بیانات دئیے گئے، اسلاموفوبک مذمتی بیانات کو بھی ہم نے عالمی سطح پر اٹھایا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ تاثر جارہا ہے کہ یہ مسلم دشمن ملک بنتا جارہا ہے جبکہ کشمیر میں حلقہ بندیوں کے ذریعے مسلمانوں کی اکثریت کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یسین ملک کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ہم جب کشمیر کا معاملہ اٹھاتے ہیں تو جواب میں لاپتہ افراد کا معاملہ اٹھایا جاتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مشعال ملک کو سفارتی پاسپورٹ فراہم کرنے پر کام ہو رہا ہے جبکہ ان کو سکیورٹی کی فراہمی کیلئے وزارت داخلہ سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری غلطی تھی کہ جب مودی وزیر اعظم بنا تو ہم نے پالیسی نہیں بدلی ، ہم یہی سمجھے کہ مودی بھی واجپائی اور دیگر بھارتی وزراء اعظم جیسا آدمی ہے۔ وزیر خارجہ نے مز ید کہا کہ ہم سمجھے تھے کہ مودی اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان سے تعلقات بہتر بنائے گا۔ موجودہ صورتحال میں بھارت سے تجارت نہیں ہو سکتی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع بارے نہیں پتہ، اداروں کی مضبوطی کیلئے ضروری ہے ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، عمران خان کا 4 سال میں ملک کو پہنچایا گیا نقصان ایک رات یا دن میں بہتر نہیں کیا جا سکتا۔ نوجوانوں کے عالمی دن پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان آج نوجوانوں کے عالمی دن کی یاد میں عالمی برادری میں شامل ہو رہا ہے، یہ دن نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہمیں پالیسی سازی میں نوجوانوں کے کردار کو بڑھانے اور ان کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی کوشش کرنی چاہئے، مسلسل ابھرتی ہوئی انفارمیشن ٹیکنالوجیز اور عالمگیریت کے ساتھ، پاکستانی نوجوانوں کے پاس انٹرنیٹ پر مبنی مارکیٹوں اور ای کامرس کو استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ مسابقتی حل فراہم کرنے کی صلاحیت اور ضروری صلاحیت موجود ہے۔ اس دن، ہم بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے نوجوانوں کو نہیں بھول سکتے، جنہیں بھارتی قابض افواج کے وحشیانہ جبر کا سامنا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایوان صنعت و تجارت لاہور کے عشائیہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے قیام کا 75 واں جشن آزادی منا رہے ہیں۔ لاہور چیمبر کا ایسی تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سفارتکار بھی موجود ہیں۔ پاکستان کو اس مشکل وقت سے باہر نکالنا ایک چیلنج ہے۔ پاکستان کو مشکل وقت سے نکالنے کیلئے بہتر خارجہ پالیسی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔