• news

ضمنی الیکشن: عمران کے ننکانہ، چارسدہ کیلئے کاغذات جمع


ننکانہ صاحب، چارسدہ (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) پی آئی آئی چیئرمین عمران خان ضمنی الیکشن فیصل آباد حلقہ این اے 108 کیلئے آج کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ فیصل آباد کے این اے 108 کے ضمنی الیکشن کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے ریٹرننگ آفیسر کے آفس سے حاصل کئے۔ عمران خان کے علاوہ اس نشست سے مستعفی ہونے والے پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار متوقع طور پر سابق وفاقی وزیر عابد شیر علی ہوں گے اور انہوں نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے ہیں۔ ان تینوں کے علاوہ بھی درجن بھر شخصیات نے کاغذات حاصل کئے ہیں۔ عمران خان کے حلقہ این اے 118 ننکانہ صاحب سے ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کر دئیے گئے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کورنگ امیدوار ہوں گے۔ پاکستان تحریک لبیک کے امیدوار پیر افضال احمد شاہ نے جمعرات کے روز کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار رائے شاہجہان احمد خاں بھٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی امیدوار سابق ایم این اے شذرہ منصب علی خاں کھرل آج اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ ادھر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 24 چارسدہ کے ضمنی انتخاب کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے گئے ہیں۔ یہاں عمران کا مقابلہ پی ڈی ایم امیدوار ایمل ولی خان کریں گے جبکہ سابق ایم این اے فضل محمد خان نے کورنگ امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ پولنگ 25 ستمبر کو ہو گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن