• news

پاکستان ، تر کیہ 5ارب ڈالر معا ہدہ ، تجارتی ہدف حاصل کرنے میں  مدد ملے گی : وزیراعظم 


 اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، مصنوعات کی تجارت کے معاہدے سے دونوں ممالک کیلئے نئی راہیں کھلیں گے، دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لئے معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجاری معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاہدے پر وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور ترکیہ کے وزیر تجارت مہمت مش نے دستخط کئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی برادرانہ تعلقات میں یہ معاہدہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس پر کئی سالوں سے بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت کے فروغ کی وسیع گنجائش اور صلاحیت موجود ہے اور تجارت کے فروغ کے لئے ہم بھرپور عزم رکھتے ہیں۔ ہمیں اس معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان معاہدے کے تحت دونوں ممالک اپنی اپنی مصنوعات کی تجارت کرسکیں گے اور اس سے دونوں ممالک کی معیشت مستحکم ہو گی۔ مختلف اشیاء پر ایک دوسرے کو رعایت دی ہے۔ ہم اپنی دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ اس معاہدے سے ہمیں اپنا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معاہدہ 5 ارب ڈالر کا ابتدائی تجارتی ہدف حاصل کرنے میں مدد دے گا۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سامان کی تجارت کے معاہدے سے مواقع کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ 5 بلین ڈالر کے ابتدائی تجارتی ہدف کو حاصل کرنے میں اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین تجارت کے لامحدود امکانات ہیں۔ دنیا جان لے کہ ہم کاروبار کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا رائل ملٹری اکیڈمی میں خطاب پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ دورہ پاک برطانیہ سٹرٹیجک شراکت داری‘ دہشت گردی کے خلاف افواج کی کامیابیوں کا اعتراف ہے۔

ای پیپر-دی نیشن