• news

پاکستان بھارتی دہشت گردی کا شکار ، رواں سال 666کشمیری شہید کردیئے : دفتر خارجہ

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی کا شکار رہا ہے، ملک میں بھارتی دہشتگردی کے ٹھوس شواہد عالمی برادری سے شیئر کیے گئے ہیں۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ رواں ہفتہ وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے آسیان فورم میں شرکت کی۔ اس دوران انکی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں کے دوران وزیر خارجہ نے اے آر ایف کی اہمیت اور پاکستان کے کردار پر بات چیت کی۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے گمراہ کن اور جھوٹا بیانیہ سامنے آیا ہے، بھارت اقوام متحدہ انسداد دہشتگردی طریقہ کار کو سیاست کی نذر کر رہا ہے، بھارت کے اس رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں بھارتی شہری گوبندا بدنائیک پر پابندی کے لیے 1267 پابندیوں کی کمیٹی میں پر زور انداز سے معاملہ اٹھایا۔ ہندوستانی شہری گوبندا بدنائیک پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث تھا۔ اقوام متحدہ کی پابندیوں کی کمیٹی نے پاکستان کا قانونی کیس مسترد کیا، یہ بھارت کا دوہرا معیار ہے۔  رواں برس مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں 666 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ بھارت غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں اقوام متحدہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ غیر قانونی بھارتی  اقدامات کے خلاف ملک بھر میں 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر منایا گیا جبکہ دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کیا گیا۔ عاصم افتخار نے صحافیوں کو بتایا کہ دفترخارجہ کے زیراہتمام وزیردفاع اور سیکرٹری خارجہ کے زیر قیادت ریلی کا انعقاد کیا گیا، ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر کی الارمنگ صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور آرگنائزیشن آف اسلامک کوآرڈینیشن (او آئی سی) کو خطوط بھی لکھے گئے۔ بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی تین نسلیں عالمی برادری کے استصواب رائے کے وعدے کو پورا کرانے کی منتظر ہیں۔ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان نے خارجی امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان سے ٹیلی فون رابطہ ہوا جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آسیان ریجنل منسٹریل اجلاس میں شرکت کی۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے ایس سی او ایس ٹی آئی پی کے علاقائی ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کی جبکہ گزشتہ روز وزیر مملکت برائے خارجہ امورکی جانب سے فیٹف سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی گئی۔
دفتر خارجہ

ای پیپر-دی نیشن