• news

آزادی نعمت عظمیٰ‘ لاکھوں قربانیاں دے کر پاکستان معرض وجود میں آیا: مولانا عبدالخبیر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان نے بادشاہی مسجد لاہور میں یوم آزادی اور استحکام پاکستان کے حوالے سے جمعۃ المبارک کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے، آج ہم سب کو چاہیے کہ ہم شکر ادا کریں کہ اللہ تعالیٰ نے مملکت خداداد پاکستان جیسی نعمت عطا کی۔ وطن عزیز پاکستان کے حصول کے لیے لاکھوں انسانوں نے اپنی جان ومال کی قربانیاں پیش کیں اور وطن عزیز پاکستان معرض وجود میں آیا۔ آج یقیناً ملک دشمن طاقتوں کی نظر پاکستان پر ہے۔ ہماری افواج ہمارا فخر ہیں، افواج پاکستان نے ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو نیست و نابود کیا اور بے مثال قربانیاں دے کر ملک کے دفاع کو مضبوط کیا، حالیہ سیلاب میں لسبیلہ کے مقام پر ہماری پاک فوج کے افسران نے انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم ان شہادتوں پر ان کے خاندانوں کی استقامت اور صبروتحمل کو سلام پیش کرتی ہے۔ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے، ہم کسی قیمت پر بھی پاک فوج کے خلاف زبان درازی کرنا برداشت نہیں کریں گے، پاک فوج ہمارا فخر ہے‘ آئیں ملکر اپنی افواج کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں۔ آخر میں ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، افواج پاکستان کے شہداء  اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
مولانا عبدالخبیر

ای پیپر-دی نیشن