• news

جماعت اسلامی کے مہنگائی ، بجلی بلوں کیخلاف مظاہرے ، عوام اسلام آباد جانے کیلئے تیار رہیں۔ سراج الحق

لاہور‘ گوجرانوالہ‘ سرائے مغل (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں کیخلاف وسطی پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری نے کہا  کہ مہنگائی کے بے رحم سونامی میں پوری قومی کو ڈبو دیا گیا۔ منصورہ، اقبال ٹائون، سمیت پی پی 154اور پی پی 164کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں سے امیر العظیم، ڈاکٹر ساجد انور، ذکر اللہ مجاہد، عبدالعزیز عابد،  احمد سلمان بلوچ، قاری ناظر شاکر، میاں خبیب نذیر، شفیق رضوان، شہباز شیخ، عاصم صدیقی و دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں شامل ٹیکس بجلی کی قیمت سے بھی بڑھ گئے۔ ظالم حکمران  بجلی کی قیمت کے مقابلے میں 160فیصد تک  ٹیکس عوام سے وصول کر رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ متفرق اقسام کے ٹیکسز مسترد کرتے ہیں۔  احمد سلمان بلوچ نے کہا کہ سیلز ٹیکس، سپر ٹیکس، فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لوٹا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو کی ہٹ دھرمیوں پر 17 اگست کو گھیراؤ ہو گا۔ بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق مہنگائی، بجلی کے بلوں میں بے جا ٹیکسوں کیخلاف احتجاجی ریلی میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مبشر احمد گجر نے کہا کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح اہلیان بھلوال بھی بجلی کے بلوں میں بے جا ٹیکسوں کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ پاکپتن سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بلوں میں ظالمانہ ٹیکس کیخلاف جماعت اسلامی اور سول سوسائٹی کا میپکو آفس کا گھیراؤ‘ دھرنا ، حکومت کیخلاف سخت نعرے بازی۔ سرائے مغل سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز جماعت اسلامی اور کسان بورڈ کی کال پر بجلی کے بھاری بلوں،ٹیکسوں ،اوور بلنگ ،لوڈشیڈنگ، بجلی کی ناقص تاروں کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں تاجروں ، کسانوں  اور شہریوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقبول حسین کمبوہ ، احمد جمال ایڈووکیٹ، حاجی محمد رمضان، محمد عثمان نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس لگا کر عوام کا کچومر نکال دیا۔ لیسکو اہلکاروں نے بجلی چوری کرانے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ چوری میں چھوٹے اہلکار وں سے لیکر بڑے افسر ملوث ہیں۔ مظاہرین نے حکومت اور عدالت عالیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایکسین آفس اور تمام سب ڈویژنوں میں کروڑوں کی خورد برد کا ازخود نوٹس لیں۔ بلاجواز لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ ختم کی جائے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جماعت اسلامی کا بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں کیخلاف گیپگو آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ‘ جس کی قیادت ضلعی امیر مظہر اقبال رندھاوا نے کی‘ شہریوں نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ دوسری جانب پشاور کے قصہ خوانی بازار میں ہونے والے مرکزی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا  کہ حکومت ہر روز غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتی ہے۔ 34یونٹ جلانے والے کو 7ہزار کا بل بھیج دیا جاتا ہے۔ بجلی کے بلوں میں جی ایس ٹی، انکم ٹیکس، فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج اور نہ جانے کون کون سے تاوان شامل کر دیئے جاتے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ مساجد کو بھی ٹی وی ٹیکس بھیجے جاتے ہیں۔ مزدور، رکشے والا، غریب کاشتکار سرکاری بنگلوں اور ریسٹ ہاؤسز کے بلز کیوں ادا کرے؟ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی ذاتی مفادات کے لیے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے میدان میں ہے۔ بجلی کے بلوں کی شکل میں غریبوں کو لوٹنے کے عمل کو عدالت میں چیلنج کریں گے، ناانصافی مزید برداشت نہیں کر سکتے، عوام اسلام آباد جانے کے لیے تیار رہیں۔ ممبر قومی اسمبلی عبدالاکبرچترالی، امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمنٰ و دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔

ای پیپر-دی نیشن