یوم آزادی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹوں کی تقریب رونمائی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )اسلامی جمہوریہ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ (ڈائمنڈ جوبلی) کے موقع پر حکومت پاکستان کی جانب سے 20 روپے کے 2 یادگاری ٹکٹ اور 75 روپے کی یادگاری سوینئر شیٹ جاری کی گئی ہے۔ یادگاری ٹکٹوں کی تقریب رونمائی پوسٹل سٹاف کالج، اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔
مولانا اسعد محمود، وفاقی وزیر مواصلات اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وفاقی سیکریٹری مواصلات، ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ، وزارت مواصلات و پاکستان پوسٹ کے افسران بھی تقریب میں شریک تھے۔ معزز مہمانوں کے استقبال کے بعد ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے حاضرین کو محکمہ کی جانب سے فراہم کردہ سروسز مقررہ اہداف کے کامیاب حصول اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ وفاقی سیکریٹری مواصلات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پوسٹ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو کے ملک و قوم کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔وفاقی وزیر مواصلات نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے اعلی معیار کی یونیورسل پوسٹل سروسز کی فراہمی پر زور دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معیاری سروسز کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیہات میں سے ایک ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے سروسز کی بہتر فراہمی کے لیے پاکستان پوسٹ کو ڈیجیٹائز کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔پاکستان پوسٹ اس سے پہلے بھی یوم آزادی پاکستان کی سلور جوبلی 1972ئ اور گولڈن جوبلی 1997ء کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا اجراء کر چکا ہے۔ یادگاری ٹکٹوں کی چھپائی کا عمل نیشنل سیکورٹی پرنٹنگ پریس نے انجام دیا۔ 14 اگست، 2022ئ سے یہ یادگاری ٹکٹ ملک بھر کے اہم ڈاکخانوں میں فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔ تقریب رونمائی