• news

 اسلام عمل صالح کے ذریعے پاکیزہ زندگی مہیا کرتا ہے:مولانا عبدالمالک

حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار)  دین اسلام انسان کو عمل صالح کے ذریعے ایک پاکیزہ زندگی مہیا کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالمالک مجاہد امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب نے مرکزی جمعیت اہل حدیث و اہلحدیث یوتھ فورس سٹی حافظ آباد کے زیر اہتمام جامع مسجد مبارک اہل حدیث جلالپور روڈ میںخطبہ جمعہ میں کیا۔انہوں نے کہاا کہ ہمیں آج اپنے معاشرے میں خیر کے دروازے کھولنے اور شر کے دروازوں کو بند کرنے کی ضرورت ہے،تاکہ ایک پاکیزہ معاشرہ وجود میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں  صحابہؓ کی زندگیوں کو اپنے لئے عملی نمونہ کے طور پر اپنانا چاہئے،جن کی زندگیوں میں خیر ہی خیر تھی اور اسی وجہ ایک پاکیزہ معاشرہ عمل میں آیا تھا۔آج کے دور میں بھی دین اسلام دنیا میں بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس کی بہت بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ خیر کو حاصل کرنا چاہتے ہیں۔سکون کے متلاشی ہیں،جوکہ دین اسلام میں ہے۔اس لئے ہمیں اس دور میں عملی طور پر خیر کو اپنانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں مسلمانوں کی تعداد ڈیڑھ ارب سے زیادہ ہے اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں، جب پوری دنیا میں سب سے زیادہ تعداد مسلمانوں کی ہوگی اور دین اسلام پوری دنیا میں غالب آکر رہے گا۔خطبہ جمعہ کی صدارت قاری خلیل الرحمان نے کی۔ اس موقع پر محمد عثمان رحمانی نائب ناظم مالیات اہلحدیث یوتھ فورس پاکستان،حافظ محمد عمر زمان صدر اہل حدیث یوتھ فورس سٹی حافظ آباد،احمد یعقوب انصاری جنرل سیکرٹری اہل حدیث یوتھ فورس سٹی بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن