• news

 سمیع اللہ ‘کلیم اللہ کے چچا ‘ہاکی لیجنڈ مطیع اللہ خان خالق حقیقی سے جاملے


لاہور+بہاولپور(سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار) پاکستان کے ہاکی لیجنڈ اولمپیئن مطیع اللہ خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔مطیع اللہ خان کو گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے پر بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی نماز جنازہ گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاول پور کے سبزہ زار میں ادا کی گئی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور،ممبر صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری، سیاسی اور سماجی رہنما،شعبہ کھیل سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات، وکلائ، ڈاکٹرز،سرکاری افسران و ملازمین، سول سوسائٹی کے ممبران اور عمائدین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور اور ممبر صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری نے مرحوم کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں مرحوم کے جسد خاکی کو ان کے آبائی قبرستان شیر شاہ قبرستان نزد ون یونٹ چوک میں سپردخاک کر دیا گیا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور اورممبر صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری نے ورثا سے اظہار رنج و غم اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔مرحوم نے پسماندگان میں دو بیٹے، دو بیٹیاں اور ایک بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔ مطیع اللہ خان پاکستان کے مایہ ناز ہاکی کھلاڑی فلائنگ ہارس سمیع اللہ خان اور کلیم اللہ خان کے چچا تھے۔اولمپیئن مطیع اللہ خان نے تین اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، مطیع اللہ خان کو حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن