ملعون رشدی کے ساتھ جو ہوا گستاخی کا نتیجہ : پرویزالٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے کامن ویلتھ گیمز میں سلور میڈل جیتنے والے ریسلر زمان انور، شریف طاہر اور کانسی کا تمغہ جیتنے والے علی اسد نے ملاقات کی۔ پرویز الٰہی نے زمان انور، شریف طاہر کو 10، 10 لاکھ روپے اور علی اسد کو 5لاکھ روپے کے انعامات دیئے۔ پرویزالٰہی نے عالمی معیار کے 3 سپورٹس ارینا بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس ارینا گوجرانوالہ، ملتان اور لاہور میں بنائے جائیں گے اور سپورٹس ارینا میں کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے ریسلرز کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھجوانے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریسلرز کو غیر ملکی کوچز سے تربیت دلوائی جائے گی۔ ایک بیان میں پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ملعون سلمان رشدی کے ساتھ جو ہوا، یہ اس کے گستاخانہ فعل کا نتیجہ ہے۔ ملعون سلمان رشدی نے نبی کریمؐ کی شان اقدس میں جو شر انگیزی کی، وہ ہر مسلمان کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ نبی کریمؐ کی ذات اقدس پر ہماری جان بھی قربان ہے۔ ملعون سلمان رشدی ان منفی قوتوں کا آلہ کار ہے جو مذہب کے نام پر فساد پھیلانے کی سازش کر رہی ہیں۔ معلون سلمان رشدی کی ناپاک جسارت نے مسلمانوں کے جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی نے کامن ویلتھ گیمز کے بعد اسلامک یکجہتی گیمز میں نیزہ بازی کے مقابلے میں بھی گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان لاکھوں شہیدوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ تحریک پاکستان کے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یہ دن دھرتی کے ان تمام بہادر بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع اور حفاظت کرتے ہوئے جانیں قربان کیں۔