سوات ، کالعدم ٹی ٹی پی کی بڑی تعداد میں موجودگی سے متعلق رپورٹس گمراہ کن : آئی ایس پی آر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق گزشتہ چند ایام کے دوران، وادی سوات میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے مسلح ارکان کی بڑی تعداد کی مبینہ موجودگی کے بارے میں سوشل میڈیا پر غلط فہمی پھیلائی گئی۔ زمینی حقائق کی تصدیق کے بعد یہ رپورٹس انتہائی مبالغہ آمیز اور گمراہ کن قرار پائی ہیں۔ سوات اور دیر کے درمیان چند پہاڑی چوٹیوں پر مسلح افراد کی کم تعداد میں موجودگی دیکھی گئی ہے جو آبادی سے بہت دور ہیں۔ بظاہر یہ افراد اپنے آبائی علاقوں میں دوبارہ آباد ہونے کے لیے افغانستان سے چوری چھپے آئے تھے۔ پہاڑوں میں ان کی محدود موجودگی اور نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ عسکریت پسندوں کی کسی بھی جگہ موجودگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر طاقت کے بھرپور استعمال سے نمٹا جائے گا۔