• news

قومی پرچم اتار کر پارٹی جھنڈے لہرانا افسوسناک: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+خبر نگار) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا تو یہ پھر نئے جذبے سے لوٹی ہے۔ پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر اسلام آباد میں قومی پرچم کی پینٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلح افواج اور پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ڈی چوک ہمیشہ احتجاج کے لیے استعمال ہوا ہے لیکن آج ڈی چوک پر ہنرمند بچے قومی پرچم کی پینٹنگ کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پر قوم اکٹھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کو ملک کی تمام صوبائی اکائیوں کے ساتھ جوڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 365 دنوں میں سے ہمارے پاس 364 دن سیاست کیلئے موجود ہیں، ایک سیاسی پارٹی کی جانب سے 14 اگست کے موقع پر پاکستان کا جھنڈا اتار کر اپنی پارٹی کا جھنڈا لگانا ان کی پست ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی پر نفرت اور تقسیم پیدا نہ کریں، اس سے پاکستان کو نقصان ہوگا۔ سب سے بڑا نقصان ان لوگوں کو ہوگا جو اس کارروائی کا حصہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن