75 برس گزرنے کے باوجود پاکستان حقیقی منزل سے دور‘ حکمران گھر جائیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پون صدی بعد بھی پاکستان حقیقی منزل سے دور ہے۔ جاگیرداروں، وڈیروں اور ظالم سرمایہ داروں نے سازش کے تحت کروڑوں مسلمانوں کی قربانیوں کو رائیگاں کیا۔ ملک میں پارلیمنٹ، عدلیہ، الیکشن کمشن آزاد نہیں، معیشت آئی ایم ایف کے قبضے میں ہے۔ جمہوریت کی بات کرنے والی نام نہاد سیاسی جماعتیں خود جمہوریت کے تصور سے ناآشنا، فیملیز اور وڈیروں کے کلبز ہیں۔ آئیے یوم آزادی کے موقع پر حقیقی آزادی کے حصول کے لیے بھرپور جدوجہد کا آغاز کریں۔ حکمران جماعتیں اپنے مفادات کے لیے عوام کو لڑا رہے ہیں، پولرائزیشن خطرناک صورت حال اختیار کر چکی۔ قوم میں اتحاد و اتفاق وقت کی ضرورت ہے۔ آئین و قانون کی بالادستی قائم کرنا ہو گی۔ پاکستان کو سود سے پاک معیشت اور اسلامی نظام چاہیے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد اسلامی انقلاب کے لیے ہے۔ کارکنان قیام پاکستان کے حقیقی پیغام کو گھر گھر عام کریں۔ یقین ہے کہ ملک کا مستقبل روشن ہے، پاکستان قیامت کی صبح تک قائم رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور جنرل سیکرٹری پنجاب وسطی نصراللہ گورائیہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سال میں کئی بجٹ پیش ہوتے ہیں۔ ڈالر سستا ہونے کے باوجود مہنگائی پر کوئی اثر نہیں پڑا، مہنگا ہونے پر گھنٹوں میں قیمتیں اوپر چلی جاتی ہیں۔ ملک کا ہر پانچواں آدمی حالات سے تنگ ڈپریشن کا شکار ہے۔ بجلی کے ٹیرف میں آئے روز اضافہ آئی ایم ایف کے حکم پر ہوتا ہے۔ مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغازکر دیا، حکمران عوام کو ریلیف دیں یا گھر جائیں۔ بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی بہتات کے خلاف عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹائیں گے اور مظاہرے بھی ہوں گے۔
سراج الحق