ویمن کالجوں میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات
لاہور(لیڈی رپورٹر) جشن آزادی کے سلسلے میں گزشتہ روز خواتین کے مختلف کالجوں میں تقریبات منعقد ہوئیں۔ کوئین میری کالج میں منعقدہ تقریب میں پرنسپل ڈاکٹر ثمرہ عمران ،ویمن چیمبر آف کامرس کی سابق صدر ڈاکٹر فلاحت عمران نے سکول وکالج کے مختلف شعبوں کی سربراہان، اساتذہ و طالبات کے ہمراہ مختلف پودے لگائے۔ پرنسپل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری سے پاکستان کو سرسبزوشاداب بنانے میں مدد ملے گی۔شاد باغ کالج برائے خواتین کی پرنسپل پروفیسر ثمینہ حمید راؤنے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیئے آج کی پاکستانی خواتین قابل فخر کردار ادا کررہی ہیں ۔ دیگر مقررین میں پنجاب یونیورسٹی شعبہ سیاسیات کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ارم خالد ، پروفیسر زیب النسا سرویا، عنبرینہ رفیع جمال اور نوائے وقت کی سٹاف رپورٹررفیعہ ناہیداکرام شامل تھیں۔ رفیعہ ناہید نے کہا کہ نوائے وقت نے 1940 سے لے کر قیام پاکستان تک تحریک پاکستان میںایک لازوال کردار ادا کیا ، دوقومی نظریے کے حوالے سے برصغیر کے مسلمانوں میں وہ شعور بیدارکیا جو ایک الگ وطن کی بنیاد بن گیا۔