امید ہے نواز شریف آئندہ الیکشن سے پہلے واپس آ جائیں گے: احسن اقبال
ناروول (نامہ نگار) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال چوہدری نے 75 ویں ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو یوم آزادی کی ڈھیروں مبارکبادیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کا پاکستان واپس آنا ان کے معالجین کے فیصلے پر ہے، امید ہے کہ آنے والے عام انتخابات سے پہلے وہ پاکستان آجائیں گے اور ن لیگ کی کمپین کو لیڈ کریں گے۔ عمران خان کے پاس امیدوار نہیں ہیں اس لئے وہ 9حلقوں الیکشن خود لڑ رہے ہیں کیونکہ ان کے امیدوار کہتے ہیں کہ ہم الیکشن میں پیسہ استعفے دینے کیلئے نہیں لگاتے ہیں۔ احسن اقبال نے ہاکی سیڈیم میں ہونے والی عمران خان کی تقریر کے جواب میں کہا کہ کل کی تقریر میں بھی اس نے اپنا کوئی معاشی پلان نہیں تھا، پوری قوم کو کہہ رہا تھا کہ امریکہ کی غلامی سے نکلیں، میں امریکہ کو لکاراہ لگاتا ہوں کہ تم کون ہوتے ہو، اب امریکہ کی جوتیاں پالش کر رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اب قوم تمہیں نہیں چھوڑے گی کیونکہ تم نے جو فارن فنڈنگ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا پیسہ کھایا ہے اب اسکا خوف ہے جو عمران خان کو کھا رہا ہے۔ عمران خان نے ہٹلر کی طرح قوم کو جتھوں کی سیاست پر لگایا ہوا ہے۔ عمران خان ہٹلر کے حربے استعمال کر کے پاکستانی قوم کو ورغلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے چابی بھر دی ہے عمران خان پھر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے میدان میں نکل گیا ہے۔ پاکستان جس مہنگائی کا سامنا کر رہا ہے یہ وہ مہنگائی ہے جس پر آئی ایم ایف میں عمران خان نے دستخط کر رکھے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے ہاتھ اس معاہدے میں بندھے ہوئے ہیں۔ تقریب میں پرچم کشائی کی گئی اور پاکستان کے استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ تقریب میں ضلعی صدر پیر سید اظہر الحسن گیلانی، ایم پی اے رانا منان خان، بزرگ لیگی رہنما سعید الحق ملک، صدر حافظ عبدالرحمن ٹرسٹ عابد محمود بٹ کے علاوہ لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔