• news

بھارت نے سفارتی عملہ کابل بھیج دیا : تعلقات مضبوط ہونگے ، طالبان کا خیر مقدم 

لاہور‘ کابل (سپورٹس ڈیسک + انٹر نیشنل ڈیسک+نوائے وقت رپورٹ) بھارت نے سفارت کاروں پر مشتمل عملہ کا بل بھیج دیا تاہم ابھی سفیر کو نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سفارت کاروں کی ٹیم کو کابل بھیجنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں پہلے ہی مقامی افراد بھارتی سفارت خانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ فی الحال ہم نے صرف سفارت کاروں کی ٹیم بھیجی ہے اور سفیر کی تعیناتی نہیں کی گئی ہے۔ سفارت کاروں کی ٹیم انسانی امداد‘ طبی امداد‘ ویکسین‘ ترقیاتی منصوبے وغیرہ پر کام کرنے کے قابل ہے۔ افغان وزارت خارجہ کے ترجمان نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔ بھارتی سفارتی عملے کو تحفظ اور حاصل استثنیٰ کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ افغانستان میں طالبان کے اقتدار کا ایک سال مکمل ہونے پر آج 15 اگست کو عام تعطیل ہو گی اور یوم فتح منایا جائے گا۔ افغان حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق امریکی قبضے سے افغانستان کی نجات اور امارت اسلامیہ کا ایک سال مکمل ہونے پر 15 اگست کو پورے ملک میں عام تعطیل ہو گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال امریکی افواج کے انخلاء کے بعد طالبان نے 15 اگست 2021ء کو اقتدار سنبھال لیا تھا۔ افغانستان میں ویمن سپورٹس کی اجازت کے حوالے سے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے طالبان حکام سے رابطہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی رکن سمیرا اصغری نے طالبان سے روابط کی تصدیق کی ہے۔ اولمپک کمیٹی کی رکن سمیرا اصغری کا کہنا ہے کہ طالبان نے خواتین کو کھیلوں کی اجازت دینے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ سمیرا اصغری کے مطابق افغانستان کے پاس 2022ء کے آخر تک کی ڈیڈلائن ہے۔

ای پیپر-دی نیشن