چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحادی حکومت کے جھنڈے تلے دن رات کوشاں ہیں: حمزہ شہباز
لاہور( این این آئی)سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرا پاکستان 75 برس کا ہو گیا ہے،اس عزم عالی شان ملک کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پوری قوم کو یوم ِآزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اپنے بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی قوت کا شہری ہونے کے ناطے میرا سر فخر سے بلند ہے،اس سال اللہ تعالی کے خاص کرم سے ایک بدنیت، بدعنوان اور نااہل حکومت رخصت ہوئی۔ اب ان شاللہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی اس منزل پر گامزن ہے جو قائد اور بانیان پاکستان کا خواب تھا۔ انہوںنے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی تمام مخلص سیاسی قیادت اتحادی حکومت کے جھنڈے تلے دن رات کوشاں ہے۔ اس مملکت کا وجود اس میں بسنے والوں اور اس کے اداروں کے درمیان مظبوط رشتے میں پنہاں ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اداروں اور عوام کے رشتے کو کمزور کرنے کی کسی بھی مذموم خواہش یا کوشش ناکامی اور نامرادی سے دوچار ہو گی۔