جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ ، ون ویلنگ ، خواتین سے چھیڑ چھاڑ ، 2 جاں بحق ، 35 زخمی
لاہور (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کے باعث خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ 35 زخمی ہو گئے۔ لاہور میں جشن آزادی کے موقع پر منچلے ویلر نوجوان ٹولیوں کی صورت میں شہر کی اہم شاہراہوں پر دن بھر ون ویلنگ کرتے اور کرتب دکھاتے رہے۔ پولیس نے دو سو ویلرز سمیت 1600سے زائد موٹر سائیکل سواروں کو مختلف تھانوں میں بند کر دیا۔ ویلروں و موٹرسائیکل سواروںکو تھانے سے چھڑانے کے لئے سفارشیوں کا تانتا بندھا رہا۔ پولیس کی جانب سے متعدد ویلروں سے پیسے لے کر انہیں چھوڑنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ بعض جگہوں پر آتشابازی اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ تیز رفتار سے موٹرسائیکلیں چلاتے اور ون ویلنگ کرتے ہوئے 35سے زائد نوجوان موٹرسائیکلوں سے گر کر زخمی ہو گئے۔ جنہیں مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد کے لئے منتقل کر دیا گیا۔ منچلے نوجوان گاڑیوں میں اونچی آواز میں قومی ترانہ اور ملی نغمے لگا کر شہر کی شاہراہوں پر پھرتے رہے۔ گلبرگ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ اقبال ٹائون، جوہر ٹائون، ٹائون شپ، ڈیفنس، لالک جان چوک، ایچ بلاک مارکیٹ ڈیفنس، جی ٹی روڈ باغبانپورہ، کینال روڈ، مغلپورہ، ایف سی کالج انڈر پاس، مسلم ٹائون انڈر پاس، نیو کیمپس انڈر پاس، آزادی چوک فلائی اوور برج، بتی چوک، مال روڈ، فیروز پور روڈ، قرطبہ چوک، چائینہ چوک سمیت دیگر اہم مقامات پر ویلرز ٹولیوں کی صورت میں ون ویلنگ اور تیز رفتاری سے موٹرسائیکلیں چلاتے رہے۔ منچلے نوجوان گلبرگ، ڈیفنس، مال روڈ اور جوہر ٹائون میں گاڑیوں میں اونچی آواز میں گاڑیوں میں ترانے لگا کر بھنگڑے ڈالتے رہے اور فیملیز سے چھیڑ خانی بھی کرتے رہے۔ جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں شفیق آباد کا رہائشی 17 سالہ نوجوان چاند مسیح پیدل چلتے ہوئے راستے میں سر میں گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ لوئر مال میں چھت پر سوئی خاتون (ش) نامعلوم سمت سے آنے والی اندھی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے دونوں نعشیں قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ مینار پاکستان پارک میں خواتین کے ساتھ آئے مردوں کی منچلوں سے تلخ کلامی بھی ہوئی اور ایک موقع پر ڈنڈے بھی چل پڑے۔ پولیس کے پہنچنے سے پہلے منچلے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ علاوہ ازیں آزادی پل پر پولیس نے کنارے پر کھڑے منچلوں پر لاٹھی چارج بھی کیا۔