چیلنجز سے نمٹنے کیلئے شانہ بشانہ کام کرتے رہیں گے، امریکی سفیر: یوم آزادی پر مبارکباد
اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ 75برسوں میں پاکستان اور امریکا نے عوام کے درمیان پائیدار شراکت داری اور مضبوط تعلقات قائم کیے ہیں۔ تیزی سے بدلتی ہوئی اس دنیا میں ہم تمام بڑے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے شانہ بشانہ کام کرتے رہیں گے۔ پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے پاکستان میں امریکی مشن اور امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہزاروں پاکستانی طلبا کو امریکا بھیجا، وہ طلبا اب پاکستان میں37ہزار سابق طلبا پر مشتمل ایلومنائی نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔2 برسوں میں ہم نے دنیا کی سب سے موثر کووڈ 19کی ویکسین کی 77ملین سے زیادہ خوراکیں پاکستان کو عطیہ کیں، اس بات پر فخر ہے کہ اس تعلق نے دونوں اقوام کے درمیان کاروباری اور معاشی تعلقات کو مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا بدستور پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، صرف گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں امریکی براہ راست سرمایہ کاری میں 50فیصد اضافہ ہوا، یہ اضافہ ایک دھائی کے دوران بلند سطح ہے۔