ہرنائی : چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا ، فائرنگ ، 2 جوان شہید
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر فائرنگ سے 2 جوان شہید ہو گئے، جوابی کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے خوست کے علاقے سے بلوچستان میں ہرنائی کے قریب سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر فائرنگ کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ کامیابی سے پسپا کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کامیاب جوابی کارروائی کے بعد قریبی پہاڑوں میں فرار ہو گئے، بھاگنے والے دہشت گردوں کا گھیرا کرنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نائیک عاطف اور سپاہی قیوم دہشت گردوں سے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہو گئے، جبکہ میجر عمر زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھی بھاری جانی نقصان پہنچا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 75 ویں یوم آزادی پر بلوچستان میں امن سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کا عزم کیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام اور ترقی کا عمل متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ دوسری طرف آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہر دیر کے علاقے باروال میں گزشتہ روز دھماکہ ہوا جس کیے سبب سکیورٹی فورسز کے دو جوان 30 سالہ سپاہی ساجد علی اور 32 سالہ سپاہی عدنان ممتاز شہید ہو گئے۔ دونوں شہداء کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے‘ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ کوٹلی میں سپاہی ساجد علی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ اس کی 8 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔ شہید کی نماز جنازہ آج اتوار کو دن ایک بجے گوئی سہنی پنیالی کے مقام پر ادا کی گئی۔ بعدازاں انہیں سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں کمانڈنگ آفیسر جندروٹ سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور شہید سپاہی کو پاک فوج کے دستے نے سلامی دی۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی مذمت کی ہے۔ جاری کیے گئے بیان میں وزیر خارجہ نے نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا ہے۔ وزیرِ خارجہ نے حملے میں زخمی ہونے والے میجر عمر کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔