• news

یو بی جی کاانتخابات میں ووٹرز کی  حمایت کیلئے مہم کا باقاعدہ آغاز 

لاہور(کامرس رپورٹر )ملک میں چیمبرز اور تاجر ایسوسی ایشنز کے سب سے بڑے اتحاد یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے گزشتہ روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آئندہ سالانہ انتخابات میں ووٹرز کی زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کرنے کے لیے مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ 

یو بی جی کے چیئرمین شہزاد علی ملک (ستار امتیاز) نے یہاں گروپ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے پہلے مرحلے کے دوران ہم ملک بھر کے تمام بڑے شہروں کے دورے کرکے متعلقہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ میراتھن میٹنگز کے انعقاد کے علاوہ ان کے علاقائی اور مقامی رہنماو¿ں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی نے تمام رہنماو ¿ں کو اعتماد میں لینے کے بعد اتفاق رائے سے اصولی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ فیڈریشن کے الیکشن میں صرف ایسے با صلاحیت اور جیتنے کا پوٹینشل رکھنے والے امیدواروں کو ٹکٹ دیا جائے گا جو کاروباری برادری میں اچھی شہرت اور ساکھ کے حامل ہوں گے۔ شہزاد علی ملک نے اعلان کیا کہ پہلے مرحلے میں یو بی جی کے صدر زبیر طفیل، سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹراختیار بیگ دیگر رہنما?ں کے ہمراہ صوبہ خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ دوسرے مرحلے میں پنجاب کے بڑے شہروں کے دورے کر کے ان کے چیمبرز اور ایف پی سی سی آئی سے منسلک تجارتی اداروں اور ایسوسی ایشنز کے ساتھ ملاقاتیں کی جائیں گی۔ تیسرا مرحلہ کراچی اور اندرون سندھ چیمبرز پر مشتمل ہوگا جہاں ہمیشہ یو بی جی کے امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں جو ہماری مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ آخری مرحلے میں صوبہ بلوچستان کا دورہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے صدارتی امیدوار عاطف اکرام اور کراچی سے تعلق رکھنے والے سینئر نائب صدر کے امیدوار عارف جیوا کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دیگر گروپ لیڈروں کے ساتھ مل کر بھر پور انتخابی مہم شروع کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام ووٹرز کے ساتھ ذاتی طور پر رابطہ کیا جائے جو کہ یو بی جی کی مہم کا خاصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پیش کرنے کے لیے تجاویز اور سفارشات تیار کرتے وقت وہ تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں گے۔ صدارتی امیدوار عاطف اکرام نے اعلان کیا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ تمام چیمبرز اور اس سے منسلک ایسوسی ایشنز کا کنونشن منعقد کریں گے تاکہ ان کے مسائل حل اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن