پاکستان ہائی کمشن دہلی میں آزادی کی سالگرہ جوش و جذبہ سے منائی گئی
اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی گئی،چانسری میں منعقدہ پروقار پرچم کشائی کی تقریب میں ناظم الامور آفتاب حسن خان نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔تقریب میں ہائی کمیشن کے افسران اور عملہ کے دیگر ارکان اپنے اہل خانہ کے ساتھ موجود تھے۔آزادی کی 75 ویں سالگرہ پر صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ناظم الامور آفتاب حسن خان نے پاکستانی قوم کو اس پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔ناظم الامور نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد ریاست کے قیام کے لئے تاریخی جدوجہد کرنے پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے دیگر عظیم رہنماﺅں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے،ہماری بہادر مسلح افواج ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے پیش پیش ہیں،گزشتہ 75 سال اس بات کے گواہ ہیں کہ پاکستان نے سنگین چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے زندگی کے تمام شعبوں میں شاندار ترقی اور کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آفتاب حسن خان نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ سے خطے اور اس سے باہر امن کا خواہاں ہے۔پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتا ہے، تاہم جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے ضروری ہے کہ جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن سکول کے طلبا نے ملی نغمے پیش کئے اور قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے تقاریر کیں۔تقریب کے اختتام پر ناظم الامور کی اہلیہ مسز ارم گیلانی نے ہائی کمیشن سکول کے طلبا اور اساتذہ میں انعامات اور تحائف تقسیم کئے۔اس موقع پر ناظم الامور نے اپنی اہلیہ اور ہائی کمیشن کے دیگر افسران کے ہمراہ پاکستان کی سالگرہ کا خصوصی کیک بھی کاٹا۔
ہائی کمیشن نئی دہلی
اسلام آباد (اے پی پی) دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور غیر ملکی مشنوں میں وطن عزیز کے یوم آزادی کی گولڈن جوبلی کا جشن ملی جوش و جذبے کے ساتھ شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ پرچم کشائی اور کیک کاٹنے اور استقبالیہ کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور ملک کو ایک جدید، جمہوری، فلاحی اور خوشحال ریاست بنانے کے سیاسی قیادت کے عزم کی تجدید کی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے75 ویں یوم آزادی کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ جاپان میں پاکستانی سفارت خانہ میں پاکستان کی آزادی کی75 ویں سالگرہ کے موقع پر ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشن نے پاکستان کی آزادی کی75 ویں گولڈن جوبلی کا جشن حب الوطنی کے والہانہ جوش اور جذبے کے ساتھ منایا۔ چانسری کے لان میں منعقدہ ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب میں پاکستانی ناظم الامور آفتاب حسن خان نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا جھنڈا بلند کیا۔ آفتاب حسن خان نے پاکستانی قوم کو اس پرمسرت موقع پر مبارکباد دی۔ ناظم الامور نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے دیگر عظیم رہنماﺅں کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کے لیے تاریخی جدوجہد کی اور کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ملک ہے، ماسکو میں پاکستانی سفارتخانہ میں بھی پاکستان کی75 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، طلبا کے ایک گروپ نے پاکستانی ملی نغموں جیوے، جیوے، جیوے پاکستان، 'سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد تجھے ، اور دل دل پاکستان کی دھنوں پر پرفارمنس پیش کی۔ چین میں پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی طلبا اور چینی شہریوں نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ دریں اثنا چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ژاﺅ لی جیان نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی مبارک باد دی اور پاک چین دوستی زندہ باد کے کلمات تحریر کئے۔ قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ مصر میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے پرچم کشائی کی۔ دریں اثناءپاکستان میں مختلف ممالک کے سفارتخانوں کی طرف بھی پاکستان کی یوم آزادی کی گولڈن جوبلی کے پر مسرت موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا ہے۔ جرمنی کے سفیر ایلفرڈ گراناس نے بھی پاکستان کے75 ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام کو ''جشن آزادی کی ڈھیروں مبارکیں'' ۔ انہوں نے کہا کہ آج میں نے مختلف سڑکوں کے کنارے پر کئی خصوصی سٹالز دیکھے، میں نے بھی سڑک کے کنارے رک کر پاکستانی پرچم لیا اور اپنی رہائش گاہ پر لگایا۔ پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے پرمسرت موقع پر جاپان کے عوام کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے یوم آزادی کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رواں سال ہمارے سفارتی تعلقات کی70 ویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔ برطانیہ، امریکہ، افریقہ، مشرق وسطی اور سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر‘ بنگلہ دیش سمیت دیگر خلیج ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں اور مشنوں میں بھی پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ مختلف ممالک کی سفارتکار برادری اور نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ لندن میں تقریب میں ہائی کمشنر معظم خان نے میئر صادق خان کو ستارہ پاکستان کے اعزازات سے نوازا۔
میئر لندن