محکمہ داخلہ کی ہدایت، پنجاب پولیس نے شریف خاندان سے سکیورٹی واپس لے لی
لاہور (نامہ نگار)پنجاب پولیس نے شریف خاندان کو دی گئی سکیورٹی واپس لے لی ہے۔ اس بارے میں محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے شریف خاندان کی سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کی واپسی کی ہدایت کی گئی تھی۔ جاتی امراء اور ماڈل ٹاؤن میں ان کے گھروں پر پنجاب پولیس کے بھاری نفری سکیورٹی کے لئے تعینات تھی جو واپس بلا لی گئی ہے۔ اب پولیس کی جانب سے صرف وزیراعظم شہبازشریف کو پولیس کی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے جو گھر ڈیکلیئر کئے ہیں، وہاں قواعدکے مطابق سکیورٹی دی جارہی ہے، شریف خاندان کو دی گئی پولیس کی اضافی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ شریف فیملی کے لئے 500سے زائد پولیس کے اہلکار سکیورٹی پر تعینات کئے گئے تھے۔ اس سے قبل عطاء تارڑ اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں کو بھی فراہم کردہ پولیس سکیورٹی اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا تھا۔