معذ ور ملازمین کیلئے کنوینس الائونس بڑھانے ، 664اسامیوں پر بھرتی کا اعلان
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی تمام معذور افراد کی آواز بن گئے۔ پرویز الٰہی نے پنجاب کے تمام سرکاری اداروں میں نابینا، گونگے و بہرے اور دیگر معذوری میں مبتلا ملازمین کے لئے کنوینس الاؤنس بڑھانے، پوسٹوں کی اپ گریڈیشن اور 664خالی آسامیوں پر بھرتی کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سے معذور افراد کے وفد نے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے تمام مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے فوری احکامات دیئے۔ پرویز الٰہی نے بتایا کہ پنجاب حکومت معذور افراد کو10ہزار روپے ماہانہ کنوینس الاؤنس دے گی۔ پنجاب کے تمام سرکاری اداروں میں معذور افراد جس میں نہ سن سکیں نہ چل سکیں سب شامل ہیں کیلئے پوسٹوں کو اپ گریڈکریں گے۔ 664خالی آسامیوں پر معذور افراد کی بھرتی کا عمل فی الفور شروع کیا جائے گا۔ پرویز الٰہی نے محکمہ سپیشل ایجوکیشن کو فوری سمری بھجوانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ثواب کا کام ہے، اس میں ایک سیکنڈ کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ افسوس کا مقام ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت نے اپنے دور میں معذور افرادکے مسائل سے پہلو تہی کی۔ آپ قوم کے بچے ہیں، پنجاب حکومت آپ کے مسائل حل کرے گی اور آپ کو پورا احترام دیں گے۔ پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں سینیٹر اعجاز چوہدری نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کی ترقی و خوشحالی کا حقیقی دور شروع ہو چکا ہے۔ عمران خان کے ساتھ مل کر ملک وقوم کی خدمت کریں گے۔ نوجوان نسل خاص طور پر طلباء ہماری توجہ کا خصوصی مرکز ہیں۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان، تونسہ اور راجن پور میں متاثرین سیلاب کیلئے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن تیز کیا جائے۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122 اور انتظامیہ امدادی سرگرمیوں میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انہیں 3 وقت کا کھانا فراہم کیا جائے اور آخری متاثرہ فرد کی محفوظ مقام پر منتقلی تک آپریشن جاری رکھا جائے۔ پرویز الٰہی رات گئے تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے لکشمی چوک میں ڈولفن فو رس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا اور انسپکٹر جنرل پولیس کو فون کر کے فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے رحیم یار خان کے علاقے فیروزہ کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو 2،2 لاکھ روپے مالی امداد دے گی۔پرویز الٰہی کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں رات گئے ہنگامی اجلاس میں بھارت کی جانب سے راوی میں پانی چھوڑنے سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے دریا کے بیٹ سے آبادیوں کا انخلاء یقینی بنانے اور تمام محکموں کو الرٹ رہنے اور ایس او پی پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سیلاب اور بارشوں کی پیشگی اطلاعات حاصل کرنے کے لئے لاہور اور سیالکوٹ میں فوری طور جدید ترین ریڈار نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور سیلاب متاثرین کو راشن، ٹینٹ اور دیگر سامان کی ترسیل جاری رکھنے اور مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔