شہباز گل کو بی کلاس مل گئی، پی ٹی آئی رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت نہ ملی
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے احکامات پر تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس دے دی گئی جس کے ساتھ ہی انہیں سیل نمبر 3 کی چکی سے بی کلاس میں منتقل کر دیا گیا۔ بی کلاس میں جیل مینوئل کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل کو روم کولر، میٹرس، ٹی وی، اخبارات، میز کرسی، کتابیں فراہم کی جائیں گی۔ جیل میں شہباز گل کی ان کے بھائی یٰسین گل، وکلاء سے ملاقات کرائی گئی۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان، سابق معاون خصوصی علی نواز اعوان، سابق چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی راجہ خرم نواز، سابق پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری، سابق معاون خصوصی جمشید چیمہ کو اڈیالہ جیل انتظامیہ نے ڈاکٹر شہباز گل سے ملاقات کی اجازت نہ دی۔ وہ چار گھنٹے تک ملاقات کی اجازت ملنے کا انتظار کرنے کے بعد واپس چلے گئے۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم شہباز گل سے ملاقات کرنے آئے ہیں۔ جیل انتظامیہ نے ملاقات نہیں ہونے دے رہی، کہا جا رہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے حکم پر شہباز گل کا چیک اپ ہو رہا ہے۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ جیل میں شہباز گل پر تشدد کیا گیا ہے۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ ہمیں یہاں پتہ چلا ہے کہ شہباز گل کو اسلام آباد کی ٹیم لینے آئی ہوئی ہے۔