حجاج کرام کو ڈیڑھ لاکھ روپے سبسڈی کی واپسی کل سے شروع ہو گی
اسلام آباد (نامہ نگار) وزارت مذہبی امور حج سبسڈی کی مد میں ڈیڑھ لاکھ روپے فی حاجی کے حساب سے رقم کی ادائیگی 17اگست سے 31اگست تک مکمل کرے گی۔5 ارب 10کروڑ 73 لاکھ 50ہزار روپے کی رقم سرکاری سکیم کے تمام 34049 حاجیوں کو ادا کی جائے گی۔ حج آپریشن 2022ء کی تکمیل کے بعد وزارت مذہبی امور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ حج 2022ء بہترین طریقے سے اختتام پذیر ہوگیا ہے جس کے لئے ہم اللہ تعالی کے شکرگزار ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے کم ترین وقت میں تمام انتظامات مکمل کر کے حج انتظامات کو ممکن بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے سعودی حکومت اور پاکستان کی معیشت کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ لازمی حج اخراجات سات ہزار ریال تک پہنچ گئے ہیں۔ پہلے ہم نے حج پیکج کا تخمینہ نو لاکھ انچاس ہزار لگایا تھا مگر پھر ہم نے اس پر نظر ثانی کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ائیرپورٹ سے 15ہزار سے زائد سرکاری عازمین حج کو روٹ ٹو مکہ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ حجاج اپنی اصل شناختی دستاویزات دکھا کر یہ رقوم اپنے متعلقہ بنکوں سے لے سکتے ہیں اور جن حاجیوں کے اکاؤنٹس ہیں ان کو ان کی رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دو ہزار کے اضافی کوٹہ کی اگر غیر شفاف تقسیم کی اطلاع درست ثابت ہوئی تو تحقیقات کے بعد اس کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔