• news

بھارت کی آزادی کے دن کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا ، مکمل ہڑتال ، مظاہرے 


سری نگر،مظفر آباد(کے پی آئی)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے پیر کے روز بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ  منایا ۔ اس موقع پر جموں وکشمیر  پر بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کر ایا گیا۔ یوم سیاہ  پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پرمقبوضہ جموں وکشمیرمیں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ آزاد کشمیر میں بھارتی کے خلاف احتجاجی جلسے جلوس اور مظاہرے کیے گئے۔نام نہاد بھارتی یوم آزادی کے پیش نظر پیر کے روز مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوجی چھاونی میں بدل دیا گیا ۔ بھارتی یوم آزادی کے موقع پر حفاظتی اقدامات کے نام پر کرفیو جیسی سخت پابندیوں  سے لوگوں کی زندگی جہنم بن گئی ۔جموں وکشمیر کے طول وعرض میں بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کی بھاری تعداد تعینات کی گئی ہے جس سے لوگوں کو شدیدمشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب  مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد بھارتی یوم آزادی کی تقریب میں بم دھما کہ ہوا ہے ۔ بم دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم تقریب درہم برہم ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو  مقبوضہ پونچھ ضلع کے مینڈر، نار بالاکوٹ علاقے میں بھارتی یوم آزادی 15 اگست کی تقریب کے دوران ایک پراسرار دھماکہ ہوا۔ بھارتی یوم آزادی کے موقع پر غیر معمولی سیکوروٹی کے باوجود سری نگر اور راجوری میں فائرنگ ہوئی ہے ۔ سری نگرکے علااقے نوہٹہ میں ایک حملے میں بھارتی پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے مزکورہ پولیس اہلکار کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن