سعودی ولی عہد کو شہباز شریف کا فون ، سرمایہ کاری ، توانائی ، تجارت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان اور سعودی عرب نے سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ شہباز شریف نے سعودی عرب کے نائب وزیراعظم و وزیرِ دفاع، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیرِاعظم اور پاکستانی قوم کو 75 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان سعودی عرب کے مابین برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کے اپریل 2022 کے دورے کے دوران لئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیرِ اعظم نے سعودی عرب کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے حالیہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے جلد دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔