فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سکیورٹی فورسزکے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ مارا گیا دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہا۔ وہ ضلع شمالی وزیرستان میں قاری سمیع کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔