ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر خالد محمود کیلئے تمغہ امتیاز کا اعلان
لاہور(نیوز رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں رعشہ کی بیماری کا جدید طریقہ علاج ڈی بی ایس متعارف کروانے کے موجد اور ملک میں نیورو سرجری،نیورالوجی کے سب سے بڑے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی تعمیر اور اسے فنکشنل کرنے میں بے مثال کارکردگی کے اعتراف میں پروفیسر آف نیورو سرجری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کو تغمہ امتیاز تفویض کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود پبلک سیکٹر ہسپتالوں کے پہلے نیورو سرجن ہیں جنہیں یہ سول ایوارڈ ملے گا۔
پروفیسر خالد محمود کو تمغہ امتیاز کیلئے نامزدگی پر مبارکباد دیتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ نیورو انسٹی ٹیوٹ پروفیسر انجم حبیب وہڑہ نے کہا کہ پروفیسر خالد محمود کی رعشہ کے مرض کا علاج پنز کے قیام کیلئے ان کی کاوشیں پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن باب بن چکا ہے کیونکہ اب500بستروں پر مشتمل اس علاج گاہ کے قیام کے بعد اعصابی امراض اور رعشہ کے علاج کیلئے مریضوں کو لاکھوں روپے خرچ کر کے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں رہی۔ اللہ کے فضل و کرم سے اب تمام جدید سہولیات ایک ہی چھت تلے ”پنز“میں دستیاب ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے تمغہ امتیاز کیلئے نامزدگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر اداکرتے ہیں اور آئندہ بھی اسی جوش و جذبے اور عزم کے ساتھ وطن عزیز کی خدمت کرنے کا اعادہ کرتے ہیں۔