دوسرا ون ڈے 18،تیسرا21اگست کو کھیلا جائےگا،میچز آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل ،سیریز کے بعد قومی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کیلئے یواے ای چلی جائےگی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور نیدرلینڈ کے مابین 3ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ (آج)روٹر ڈیم میں کھیلا جائیگاجبکہ دوسرا میچ 18اگست اور آخری میچ 21اگست کو کھیلا جائےگا۔تین ون ڈے میچز آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے بعد قومی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات چلی جائے گی۔ دوسری جانب میزبان ٹیم رواں سال کوئی میچ نہیں جیت پائی، دوسرے انگلش سیزن میں مصروف کنٹریکٹ پلیئرز کی خدمات بھی حاصل نہیں ہیں، نیدرلینڈز کو صرف اپنے مقامی ٹیلنٹ پر ہی انحصار کرنا پڑرہا ہے،اس صورتحال میں پاکستان کیلئے تمام پوائنٹس حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔گزشتہ روز پریکٹس کے دوران شاہین شاہ آفریدی کی پہلے ون ڈے کیلئے دستیابی کا امکان نہ ہونے کی وجہ سے پیس بیٹری ان خلا پرکرنے کی تیاری کرتے ہوئے کمزور حریف کو کچلنے کیلئے بیتاب نظر آئی۔بولنگ کوچ شان ٹیٹ نے نیدرلینڈز کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے بولرز کی پرفارمنس میں بہتری لانے کیلئے کام کیا،انہوں نے نسیم شاہ، شاہنواز دھانی اور وسیم جونیئر پر خاص توجہ دی، نوبال سے گریز کیلئے بھی پیسرز کو مشورے دیئے،حارث رﺅف نے برق رفتار گیندیں کرواتے ہوئے بیٹرز کو پریشان کیا، بولرز نے اچھے باﺅنسرز اور یارکرز سے بولنگ کوچ کو متاثر کیا۔بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے فخرزمان، امام الحق اور عبداللہ شفیق کو تسلسل کے ساتھ نئی گیندوں پر فاسٹ بولنگ کا سامنا کروایا، مڈل آرڈر بیٹرز نے بھی پیس اور اسپن بولنگ پربھی پریکٹس کی، سابق کپتان نے پاور ہٹنگ کی بھرپور مشقیں کروائیں۔ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کنڈیشنز کے مطابق اسپنرز کی لائن و لینتھ بہتر بنانے کیلئے سرگرم رہے، شاداب خان اور محمد نواز نے طویل سیشن کیے، سلمان علی آغا نے بھی سلوبولنگ کی اچھی مشق کرلی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ نیدرلینڈز آنے پر بہت خوش ہیں۔ یہاں کا موسم اور مہمان نوازی بہت اچھی ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ وہ گزشتہ دو ماہ سے نیدرلینڈز کرکٹ ٹیم کو فالو کررہے ہیں۔ وہ یہاں بسنے والے لوگوں کی کرکٹ سے محبت سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ کرکٹ سیریز اس خطے میں کرکٹ کے فروغ کا سبب بنے گی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کا ری ہیب جاری ہے اور وہ کافی بہتر محسوس کررہے ہیں۔ ان کی عدم موجودگی دراصل نوجوان فاسٹ باو¿لرز کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا سنہری موقع ہے۔انہوں نے فینز کو بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ فینز کو دونوں ٹیموں کے درمیان اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔بارش کے باعث قومی سکواڈ نے روٹرڈیم میں انڈور پریکٹس کی۔ بیٹسمینوں نے بھرپور ٹریننگ کی جبکہ باﺅلرز نے آرام کیا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ فریدی پہلے دو ون ڈے نہیں کھیل سکیں گے۔