مرکزی جمعیت اہلحدیث گوجرانوالہ نے تحفظ نظریہ پاکستان ریلی نکالی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی گوجرانوالہ کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر تحفظ نظریہ پاکستان ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سینئر نائب ناظم اعلی مولانا محمد نعیم بٹ ، صوبائی ناظم اعلی مولانا حافظ محمد یونس آزاد ،سٹی امیر علامہ پروفیسر محمد سعید کلیروی ،ناظم شہر مولانا محمد ابرار ظہیر ، مولانا محمد صادق عتیق ،صاحبزادہ حافظ محمد عمران عریف ، حافظ عبدالشکور شیخوپوری، میاں مجیب الرحمان، شیخ الحدیث مولانا ابراہیم حافظ آبادی، قاری غلام مصطفی، مولانا حافظ ابوسفیان سلفی اور دیگر عمائدین نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت کے سینئر نائب ناظم اعلی مولانا محمد نعیم بٹ نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے اسلامی پاکستان کے لئے دو قومی نظریہ کی بنیاد پر جان ومال اور املاک کی قربانیاں دی تھیں ، مگر بد قسمتی سے ہم نہ اللہ سے کیا ہوا وعدہ وفا کر سکے نہ عوام پاکستان سے۔ انہوں نے کہا کہ دوقومی نظریہ آج بھی ایک زندہ حقیقت ہے، اس کے بغیر ملک میں استحکام نہیں آسکتا ، نوجوان نسل کے ذہنوں سے لبرلزم کو کھرچ کر دو قومی نظریہ کو فروغ دینا ہوگا۔ صوبائی ناظم اعلی مولانا حافظ محمد یونس آزاد نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں اسلامی نظام ہی اس کے قیام کا مقصد ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو مقصد قیام پاکستان ختم ہو جائے گا۔ اس موقع پر امیر شہر علامہ محمد سعید کلیروی ، مولانا محمد ابرار ظہیر، حافظ عبدالشکور شیخوپوری ،عبدالرحمن بٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔