ہیلی کا پٹر حادثہ ، منفی مہم چلانے والوں کی گرفتاری کا فیصلہ، کئی بھارتی اکا ئونٹس ملوث نکلے
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ کی تحقیقاتی ٹیم نے سوشل میڈیا پر ہیلی کاپٹر شہداء کے حوالے سے منفی مہم کے تمام کرداروں کی گرفتاریاں عمل میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت گھناؤنی مہم چلانے والوں کے سرپرستوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اس تحقیقاتی مہم میں اب تک 17 اکائونٹس سامنے آچکے ہیں جن کی فوری گرفتاریاں کی جائیں گی۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق شہداء کے خلاف سوشل میڈیا مہم میں کچھ بھارتی اکاؤنٹس بھی استعمال کئے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے پاک فوج کے خلاف مہم چلائی گئی اور پاک فوج کے خلاف شروع کی گئی مہم میں بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق مہم میں شامل سیاسی جماعت کے کارکنوں کے ویڈیو بیانات پہلے ہی منظر عام آ چکے ہیں۔ مہم کے پیچھے چھپے دوسرے کرداروں اور ان کے ہینڈلرز تک بھی پہنچا جا رہا ہے اور دیکھا جا رہا ہے کہ بھارتی اکاؤنٹس کے نام پر کچھ اکاؤنٹس پاکستان سے تو نہیں چل رہے تھے۔