اتحادی حکومت نے نواز شریف کا بیانیہ دریا برد کر دیا
لاہور (عدنان فاروق سے) پی ڈی ایم حکومت کے قیام کے بعد مہنگائی کا شکار پاکستانی عوام کو حالات نے مزید پریشانی اور مشکلات کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، وہیں مسلم لیگ ن کی سرکردگی میں مرکز میں اتحادی حکومت نے نواز شریف کے بیانیہ کو دریا برد کر دیا۔ مسلم لیگ ن جارحانہ سے دفاعی پوزیشن میں آگئی تاہم ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے چونکہ قائد مسلم لیگ نواز عوامی اور انتخابی سیاست کرتے ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ مستقبل میں عوام کے پاس ہی جانا ہے اور وہی مستقبل کی انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے، اور جب وہ عوام کے پاس جائیں گے تو ان کے پاس عوام کو بتانے اور دینے کو بہت کچھ ہو گا، وقت گزرنے دیں، 3 سے چار پاپولر فیصلے سب کچھ ریورس کر دیں گے، اس وقت جو کچھ ہورہا ہے سابق حکومت کی آئی ایم ایف سے وعدہ شکنی کا شاخسانہ ہے، ایک رہنما نے کہا کہ ووٹرز کی تین اقسام ہیں ایک پارٹی کارکن دوسرے سپورٹرز اور ووٹرز کا تیسرا آزاد ہے جو حالات دیکھ کر اور موقع پر فیصلہ کرتا ہے، مسلم لیگ ن کے کارکن اور سپورٹرز اسی طرح کمٹڈ ہیں تاہم آئی ایم ایف سے پہلی قسط ملنے کے بعد حالات بہتر ہوں اور ہمارے پاس بہت کچھ دینے کو ہوگا اور پارٹی قائد یہی چاہتے ہیں عوام سے مزید لینے کی بجائے ان کے دکھوں کا مداوا کیا جائے۔ لیگی ذرائع کا کہنا ہے نواز شریف جب بھی واپس آئیں ان کے آنے سے قبل صورتحال یکسر مختلف ہو گی۔