پنجاب اسمبلی میں شہباز گل کی گرفتاری کے خلاف بھی قرارداد منظور
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے ایوان نے ڈاکٹر شہباز گل کی گرفتاری، تشدد کے خلاف قرارادادیں بھی منظور کر لی گئیں۔ (ن) لیگ والے نوکریوں پر سانپ بن کر بیٹھے ہوئے تھے، پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے 25 مئی کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے شرکاء پر تشدد کے خلاف قراراداد پیش کرنے کے لئے قواعد کو معطل کرنے کی تحریک پیش کی جسے منظور کر لیا گیا۔ بعد ازاں قرارداد پیش کی گئی جس کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان تحریک انصاف کے رہنمائوں، کارکنوں پر تشدد کی مذمت کرتا ہے، پولیس افسران کی پشت پناہی کرنے والے رانا ثناء اللہ اور عطاء اللہ تارڑ کے خلاف کارروائی کی جائے۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں پر بنائے گئے مقدمات ختم کئے جائیں۔ ایوان نے قرارداد کی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔ تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کی قیادت میں 6 رکنی وفد نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا۔ وفد نے اڈیالہ جیل میں ڈاکٹر شہباز گِل سے ملاقات کی۔ وفد میں سینیٹر سیف اللہ نیازی، سینیٹر شبلی فراز اور سینیٹر اعظم سواتی موجود تھے۔ اس کے علاوہ وفد میں سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور سینیٹر سردارگْردیپ سنگھ شامل تھے۔ تحریک انصاف کے سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفد نے ڈاکٹر شہباز گِل سے ملاقات میں ان کی خیریت دریافت کی۔ وفد کے ارکان نے ڈاکٹر شہباز گِل پر ہونے والے تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وفد کے اراکین ملاقات کے حوالے سے تمام تر صورتحال سے پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے۔