استعفوں پر پی ٹی آئی کی درخواست، سپیکر سیکرٹریٹ کے سوا ساری دنیا کو علم ہے: جسٹس عامر
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفے مرحلہ وار منظوری کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے نمائندہ نے درخواست سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ابھی تک درخواست کی کاپی نہیں۔ عدالت نے کہا کہ ساری دنیا کو اس درخواست کے حوالے سے پتہ ہے ماسوائے سپیکر سیکرٹریٹ کے، عدالت کو بتایا جائے کہ استعفے منظور ہوئے تو الیکشن کرائیں، نہیں تو بھی بتائیں، ڈپٹی سپیکر جو اس وقت قائم مقام سپیکر تھے انہوں نے اپنا آرڈر درخواست کے ساتھ لگایا۔ فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ استعفوں سے متعلق ویری فکیشن پراسس بہت پہلے مکمل ہو چکا۔ عدالت نے کہا کہ ایک آرڈر ہوا ہے یا اس آرڈر کو مانا جائے اور یا انکار کریں۔ میرے جج نہ رہنے کے بعد میرے فیصلے کالعدم تو نہیں ہوں گے۔ ایک آرڈر ہوا ہے اور آپ کا کام الیکشن کرانا ہے۔ عدالت نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ سے استفسار کیا کہ آپ 9 حلقوں میں الیکشن رکوانے کیوں آئے ہیں؟، جس پر فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم صرف 9 حلقوں پر نہیں بلکہ 123 حلقوں پر الیکشن چاہتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ کسی حلقے کو بغیر نمائندہ نہیں رکھنا چاہیے۔