• news

 یو این پاپولیشن فنڈ کی پہلی پاکستانی خاتون سربراہ ڈاکٹر نفیس انتقال کر گئیں


آباد (خصوصی نامہ نگار) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ خواتین کی صحت، حقوق اور آبادی کی پالیسیوں میں ان کی اہم شراکت اور ایچ آئی وی /ایڈز کی روک تھام کے لیے عالمی ادارے کی پاپولیشن فنڈ کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستانی شہری ڈاکٹر نفیس صادق کی خدمات اور کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر نفیس صادق کا انتقال اتوار کو نیویارک میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا جہاں وہ اقوام متحدہ کی خدمات سے ریٹائر ہونے کے بعد مقیم تھیں۔ ان کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس کے ترجمان کے مطابق مطابق سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جب ڈاکٹر نفیس صادق نے 1987ء میں اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالا تو وہ اس اقوام متحدہ کے فنڈڈ پروگرامز کی پہلی خاتون سربراہ تھیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مرحومہ کے خاندان اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ایک قابل فخر خاتون، عظیم لیڈر اور اعلیٰ بصیرت کی بین الاقوامی ماہر تھیں جنہوں نے جرات مندانہ وژن کے ساتھ اپنے ملک اور عالمی برادری کی خدمت کی۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خواتین اور ان کی آئندہ نسلوں کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔ اقوام متحدہ کی پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نتالیہ کانیم نے بھی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نفیس صادق کی قیادت کو سراہا ہے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی مشیر ڈاکٹر نفیس صادق کے انتقال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر نفیس صادق صحت کی دنیا میں پاکستان کی نمایاں آواز تھی۔ ڈاکٹر نفیس صادق کو غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں عالمی سطح پر ایوارڈز ملے۔

ای پیپر-دی نیشن